گوگل Buzz کو جلد ختم کیا جارہا ہے، بیک اپ گوگل ڈرائیو پر محفوظ

گوگل کی جانب سے اکتوبر 2011 میں اعلان کیا گیا تھا کہ جلد ہی Buzz نامی مائیکروبلاگنگ اور سوشل نیٹورکنگ سروس کو ختم کر دیا جائے گا۔ اگر آپ کو معلوم نہیں تو بتاتا چلوں کہ Buzz دراصل گوگل کی جانب سے ایک سوشل نیٹورک بنانے کی ناکام کوشش تھی، آپ اس سروس کے ذریعے اپنے دوستوں کے ساتھ پیغامات اور لنک شئیر کر سکتے تھے۔ تاہم فیس بک اور ٹوئٹر کے مقابلے پر یہ سروس صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

buzz

گوگل نے اس سروس کو جلد ختم کرنے کا عندیہ تو دیا تھا تاہم اسے بعد میں گوگل پلس میں ضم کر دیا گیا۔ لیکن چند روز قبل گوگل کی جانب سے تمام Buzz صارفین کو ای میل کے ذریعے مطلع کیا گیا ہے کہ 17 جولائی 2013 کو اس سروس کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جارہا ہے۔ تاہم صارفین کا تمام ڈیٹا گوگل ڈرائیو پر دو فائلز میں محفوظ کر دیا جائے گا۔

ایک فائل تو وہ ہوگی جس میں آپ کا تمام پبلک اور پرائیویٹ ڈیٹا موجود ہوگا جسے صرف آپ ہی دیکھ سکیں گے جبکہ دوسری فائل میں صرف آپ کا پبلک ڈیٹا اور اس پر کیے گئے آپ کے دوستوں کے کمنٹ محفوظ ہونگے۔ یہاں یہ بات یاد رکھیں کہ آپ نے جو کمنٹ اپنے دوستوں کی پروفائل پر کیے تھے وہ انکی فائل میں محفوظ ہونگے نہ کہ آپکی۔

لہذا اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپکا کمنٹ اور دیگر ڈیٹا کو گوگل ڈرائیو پر محفوظ نہ کیا جائے تو 17 جولائی سے پہلے اپنی تمام پوسٹ اور کمنٹ خود ڈیلیٹ کر دیجئے۔