گوگل کی جانب سے جلد فائل سٹوریج سروس گوگل ڈرائیو کا آغاز کیا جائے گا

گو کہ اس سے قبل بھی گوگل کی جانب سے آن لائن فائلز محفوظ اور شئیر کرنے کی نئی سروس گوگل ڈرائیو کے بارے میں مختلف افواہیں گردش کرتی رہی ہیں۔ لیکن تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کمپنی یہ سروس اگلے ہفتے سےباقاعدہ طور پر شروع کر رہی ہے۔

اس سروس میں تمام صارفین کوفائلز محفوظ کرنے کے لیے 5GB جگہ مفت فراہم کی جائے گی۔ اس کیے علاوہ آپ سستے داموں مزید جگہ بھی حاصل کر سکیں گے۔ گوگل کی اس سروس کا موازنہ اگر پہلے سے مشہور سروس ڈراپ باکس سے کیا جائے تو گوگل ہر لحاظ سے بہتر ہے کیونکہ ایک تو یہ زیادہ جگہ مفت فراہم کر رہی ہے اور دوسرا آپ اسے گوگل کی باقی سروسز کے ساتھ بھی استعمال کر سکیں گے۔

گوگل ڈرائیو سے قبل ایپل، ایمازون اور مائیکروسافٹ بھی فائل سٹوریج سروسز فراہم کررہے ہیں لہذا گوگل کو مارکیٹ میں اپنی جگہ بنانے میں شاید تھوڑا وقت لگے۔

گوگل کی جانب سے اس سروس کے لیے ونڈوز ، میکنٹوش اور موبائل آپریٹنگ سسٹمز جیسے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے لیے بھی ایپلی کیشنز متعارف کروائی جائیں گی۔

گوگل کی یہ نئی سروس یقیناً جی میل اور گوگل کی دیگر سروسز استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوگی جہاں وہ اپنی تمام تر معلومات اور فائلز کا بیک اپ محفوظ رکھ سکیں گے۔

ۢمنبع