شاؤمی کے نئے فون Mi 7 میں 8 گیگا بائیٹ ریم کا استعمال کیا جائے گا

چینی موبائل کمپنی شاؤمی، کم قیمت معیاری فونز بنانے کے حوالے سے دنیا بھر میں شہرت رکھتی ہے۔ شاؤمی ایک ڈسٹری بیوٹر کے ذریعے اب پاکستان میں بھی اپنے موبائل فون فروخت کر رہی ہے۔ تاہم انکی قیمت عالمی مارکیٹس سے کچھ زیادہ ہوتی ہے۔

اس وقت شاؤمی کا ایک کم قیمت لیکن ‘فلیگ شپ’ خصوصیات کا حامل فون Mi 6 پاکستان سمیت ایشیاء کے دیگر ممالک میں زیادہ بکنے والے فونز میں شمار ہوتا ہے۔

اس فون کا اگلا ماڈل Mi 7 پہلے فروری کے اختتام پر ہونے والی موبائل ورلڈ کانگرس میں متعارف کروایا جانا تھا۔ تاہم اب کمپنی نے اسے اپریل تک کے لیے موخر کر دیا ہے۔

Mi 7 کی اہم خصوصیات:

حال ہی میں اس فون سے متعلق ایک سکرین شاٹ سامنے آیا ہے ، جس کے مطابق فون میں 8 گیگا بائیٹ ریم اور 4480mAh بیٹری نصب ہوگی، جب کے اسکی سٹوریج بھی 128 گیگا بائیٹ کر دی گئی ہے۔

اس سکرین شاٹ میں یہ بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ فون میں کوالکام سنیپ ڈریگن 845 چپ سیٹ کا استعمال کیا جائے گا اور پشت کی جانب 16 میگا پکزل کے دوکیمرے استعمال ہونگے۔

فون کی سکرین 5.6 انچ ہوگی اور اسکی ریزولیوشن FHD+ ہے ، یعنی فون کی سکرین کے اوپر اور نیچے موجود Bezel کافی کم ہونگے، جو کہ آج کل تمام اچھے فونز کی خاصیت بن چکی ہے۔

خیال کیا جارہا ہے کہ اس فون کی قیمت عالمی مارکیٹ میں  کم و بیش 50 ہزار کے لگ بھگ ہوگی۔ اس سے پچھلا ماڈل Mi 6  اس وقت پاکستان میں 47 ہزار روپے میں دستیاب ہے۔ اس سے اندازہ  کیا جاسکتا ہے کہ پاکستان میں یہ نیا فون 55 ہزار یا اس سے زائد قیمت پر فروخت کیا جائے گا۔