چینی کمپنی شاؤمی کی نوٹ بک ایئر اب پاکستان میں دستیاب

آپ نے یقیناً شاؤمی (Xiaomi) کا نام سن رکھا ہوگا، اگر نہیں تو آپ کو بتاتے چلیں کہ شاؤمی ایک چینی کمپنی ہے جو دنیا بھر میں کم قیمت میں اعلیٰ معیاری مصنوعات کے حوالہ سے مشہور ہے۔ شاؤمی نے حال ہی میں ایپل میک بک  ایئر (Apple MacBook Air)کے مقابل ایم آئی نوٹ بک ایئر (Mi Notebook Air) لانچ کی ہے۔

شاؤمی کی مصنوعات میں اسمارٹ فون، اسمارٹ واچ، اسمارٹ بینڈ، ڈرون اور دیگر کئی مختلف چھوٹی بڑی چیزیں شامل ہیں۔ ان سب کے ساتھ ساتھ شاؤمی نے اب لیپ ٹاپ مارکیٹ میں بھی اپنے قدم جمانے کا فیصلہ کررکھا ہے۔ جس کا آغاز نوٹ بک ایئر لانچ کرکے کیا گیا ہےجو کہ ایپل میک بک ایئر کے مقابل ہے۔

mi-notebook

چینی کمپنی شاؤمی پاکستان میں آفیشل سطح پر تو فی الحال نہیں ہے لیکن کمپنی نے اپنی مصنوعات دیگر مختلف ذرائع سے پاکستان میں فروخت کرنا شروع کررکھا ہے جن میں آن لائن شاپنگ ویب سائٹ Cheezmall سے شراکت شامل ہے۔ شاؤمی نے اعلان بھی کررکھا ہے کہ کمپنی جلد ہی پاکستان میں اپنی مصنوعات کے ساتھ دستیاب ہوگی۔

ایم آئی نوٹ بک ایئر (Mi Notebook Air) بھی پاکستان میں Cheezmall پر دستیاب ہے۔ جس کی قیمت Cheezmall کی جانب سے پاکستانی 79,999 روپے رکھی گئی ہے۔ یہ قیمت 12.5 انچ اسکرین والے ماڈل کی ہے، اگربین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت کو دیکھا جائے تو پاکستان میں 12.5 انچ اسکرین ماڈل کی قیمت کہیں زیادہ ہے، اس کی خاص وجہ کمپنی کا آفیشل طور پر ملک میں نہ ہونا ہے جس کی وجہ سے کمپنی کی مصنوعات کو پاکستان میں درآمد کیا جاتا ہے جس سے مختلف ٹیکس اور کسٹم چارجز کہیں زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔

بین الاقوامی قیمت قریب 525 ڈالر ہے جوکہ پاکستانی تقریباً 55 ہزار روپے بنتے ہیں لیکن نوٹ بک ایئر کی قیمت 80 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔یہ قیمت تمام ٹیکس اور کسٹم چارجز کی ادائیگی کے بعد مقرر کی گئی ہے۔

خصوصیات:

آن لائن شاپنگ ویب سائٹ Cheezmall پر جو خصوصیات ایم آئی نوٹ بک ایئر 12.5 انچ اسکرین کی بتائی گئیں ہیں ان کی تفصیل کچھ اس طرح سے ہے۔

  • پراسیسر: Intel Core m3-6Y30
  • ریم: 4 جی بی DDR4
  • روم: 128 جی بی SSD
  • اسکرین: 1920×1080 ڈی پی آئی
  • آپریٹنگ سسٹم: ونڈوز 10
  • کیمرہ: 1 میگا پکزل
  • بیٹری: 40Wh
  • اسٹینڈ بائے: 11.5 گھنٹے
  • وزن: 1.07 کلو گرام

اگر آپ  خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو Cheezmall پر قیمت 80 ہزار روپے ادا کرکے حاصل کرسکتے ہیں۔