Temple Run 2 دنیا میں سب سے تیزی سے مقبول ہونے والی موبائل گیم بن گئی

اگر آپ کے پاس ایپل یا اینڈرائیڈ سمارٹ فون ہے تو یقیناً آپ نے مشہور زمانہ گیم Temple Run تو ضرور کھیلی ہوگی ( یہ گیم ایمازون کنڈل کے لیے بھی دستیاب ہے)۔ اس نہ ختم ہونے والی گیم میں آپ ایک مندر سے بت چراتے ہیں جسکی وجہ سے قدیم جادوئی بندر آپکی جان کے دشمن بن جاتے ہیں، لہذا آپ کو اس مندر سے جان بچانے کے لیے بھاگنا پڑتا ہے۔ لیکن جناب جتنا مرضی بھاگ لیں اس گیم میں آخر کار آپکا کریکٹرمر ہی جاتا ہے، کبھی بندروں کے ہاتھوں، کبھی آگ میں جھلس کر یا پھر کھائی میں گر کر۔

چند دن قبل ہی گیم ڈیویلپر Imangi Studios کی جانب سے اسکا دوسرا پارٹ Temple Run 2 آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کروایا گیا اور صرف 13 دنوں کے اندر یہ دنیا کی سب سے تیزی سے مقبول ہونے والی گیم بن گئی ہے۔

Untitled-1

ان 13 دنوں میں 50 ملین سے زائد افراد نے اس گیم کو ڈاؤنلوڈ کیا ہے، یوں اس نے ایک اور مشہور موبائل فون گیم اینگری برڈز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ Temple Run کے پہلے پارٹ کو اب تک 170 ملین لوگوں نے ڈاونلوڈ کیا تھا لیکن دوسرے پارٹ نے چند ہی دن میں 50 ملین کا ہدف عبور کر لیا ہے لہذا یہ گیم مزید مقبولیت حاصل کرے گی۔

گیم کے اس دوسرے پارٹ میں چند تبدیلیاں کی گئی ہیں ، جیسے رسی سے لٹکنا، آگ کے شعلے ، پہلے سے تیز رفتار اور تین بندروں کی جگہ صرف ایک بندر نمایاں ہیں۔ چند صارفین نے اس بات کی شکایت کی ہے کہ یہ گیم پہلے کی نسبت زیادہ مشکل ہے اور حرکت کو کنٹرول کرنے والے سنسرز کا درست استعمال نہیں کیا گیا۔

2

Temple Run گیم کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کپڑوں، کتابوں اور کارڈ گیمز کے بہت سارے برانڈز نے بھی گیم ڈیویلپرز سے معاہدے کر لیے ہیں، اسی طرح 2012 میں ڈزنی کے تعاون سے Temple Run Brave کے نام سے ایک خصوصی گیم بھی متعارف کروائی گئی جس میں فلم Brave اور Temple Run کی کہانی کو یکجا کر دیا گیا۔

اینڈرائیڈ صارفین Temple Run 2 ڈاؤنلوڈ کرنے کے لیے یہ لنک ملاحظہ کریں۔
آئی او ایس صارفین Temple Run 2 ڈاؤنلوڈ کرنے کے لیے یہ لنک ملاحظہ کریں۔