روزانہ 53 لاکھ روپے کمانے والی مشہور موبائل گیم فلیپی برڈ کو ختم کردیا گیا

سمارٹ فون صارفین نے یقیناً 2014 میں تیزی سے مقبولیت پانے والی گیم فلیپی برڈ تو ضرور کھیلی ہوگی، اگر نہیں تو نام تو ضرور سنا ہوگا۔
flappy-bird-ss
ویتنام کے ڈیویلپر Dong Nguyen نے 2013 میں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے لیے یہ گیم تیار کی۔ مشہور زمانہ گیم Mario Bros. سے ملتی جلتی اس گیم میں آپ ایک پرندے کو راستے میں موجود سیوریج پائپوں سے بچانا ہوتا ہے۔ اس گیم کو کھیلنے کا طریقہ کار تو بہت آسان ہے یعنی آپ کو بس سکرین کو ٹچ کرنا ہے، ہر بار ٹچ کرنے پر پرندہ تھوڑی سی اونچی پرواز کرتا ہے۔ تاہم حقیقت میں یہ گیم بہت مشکل ہے، پرندہ اگر کسی بھی پائپ یا زمین سے ٹکرا جائے تو گیم ختم ہوجاتی ہے۔ ہر پائپ سے بحفاظت گذرنے پر آپ کو ایک پوائنٹ ملتا ہے، عام طور پر نئے کھلاڑی بڑی مشکل سے ہی سکور کر پاتے ہیں۔

flappy

اس گیم کو اصل مقبولیت 2014 کے آغاز پر ملی اور جلد ہی یہ ایپل اور اینڈرائیڈ پر سب سے زیادہ ڈاؤنلوڈ کیے جانے والی گیمز کی فہرست میں شامل ہوگئی۔ حال ہی میں گیم ڈیویلپر نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ گیم کے دوران دکھائے جانے والے گوگل اشتہارات کی مدد سے اسے روزانہ کم و بیش 53 لاکھ روپے کی آمدن ہورہی ہے۔

تاہم گذشتہ روز ٹوئٹر پر چند پیغامات چھوڑنے کے بعد ڈیویلپر نے یہ گیم گوگل پلے سٹور اور ایپل سٹور سے ختم کردی ہے۔ Dong Nguyen کے مطابق انکی یہ گیم یقیناً ایک بہت بڑی کامیابی ہے تاہم وہ اب اس گیم کو ختم کرنے لگے ہیں۔
dong
یہ ایک انتہائی حیران کن امر ہے کہ ایک مشہور گیم کو اسطرح اچانک ختم کر دیا گیا۔ یہ بات سچ ہے کہ بہت سے لوگ اس گیم سے نفرت بھی کرتے ہیں کیونکہ یہ کافی مشکل ہے تاہم گیم کو ختم کرنے کی وجہ کچھ اور لگتی ہے۔

ایسا ممکن ہے کہ دنیا بھر میں شہرت پانے اور روزانہ اتنی زیادہ آمدن کی وجہ سے بہت سے لوگ گیم ڈیویلپر کے دشمن بن گئے ہوں۔ گیم ڈیویلپر کی جانب سے دیے گئے آخری ٹوئٹر پیغام کے مطابق اس گیم کی وجہ سے انکی زندگی مشکلات کا شکار ہوگئی ہے اور وہ واپس پرسکون ماحول میں جانا چاہتے ہیں۔

گو کہ اس گیم کے بہت سے چربے بھی دستیاب ہیں تاہم اصل گیم کھیلنے کا مزہ ہی کچھ اور ہے۔ اگر آپ نےFlappy Bird نہیں کھیلی تو آپ اسے اس لنک سے .apk فائل ڈاونلوڈ کرکے اسے اپنے اینڈرائیڈ فون میں انسٹال کرسکتے ہیں۔