گوگل کی نئی نیکسس ٹیبلیٹ صرف 99 امریکی ڈالر میں؟

آپ کو یاد ہوگا کہ چند ماہ قبل گوگل اور ASUS کے اشتراک سے پہلی نیکسس ٹیبلیٹ متعارف کروائی گئی تھی۔ یہ ٹیبلیٹ اینڈرائیڈ کے نئے آپریٹنگ سسٹم جیلی بین سے مزین ہے اور اسکے 8GB ورژن کی قیمت 199 امریکی ڈالر مقرر کی گئی تھی۔ گو کہ پاکستان میں گوگل کی جانب سے یہ ٹیبلیٹ فروخت کے لیے تو پیش نہیں کی گئی لیکن آپ اسے پاکستان میں 28 ہزار روپے سے 32 ہزار روپے کے درمیان خرید سکتے ہیں۔

مختلف افواہوں کے مطابق گوگل اب ایک نئی ٹیبلیٹ کی تیاری میں مصروف ہے جس کی قیمت صرف 99 امریکی ڈالر ہوگی۔ یہ ٹیبلیٹ نیکسس 7 کے مقابلے میں کم قیمت ہونے کے ساتھ ساتھ موٹائی میں بھی پہلے سے کم ہوگی۔ اس ٹیبلیٹ میں HannStar Display کی تیار کردہ سکرین استعمال کی جائے گی، اطلاعات کے مطابق اس کمپنی نے ایپل کے ساتھ بھی ایک ایسا ہی معاہدہ کر رکھا ہے۔

امید کی جارہی ہے کہ گوگل کی یہ نئی ٹیبلیٹ ایپل کی جانب سے جلد پیش کیے جانے والی 7.85 انچ آئی پیڈ کا مدمقابل ثابت ہوگی۔ تاہم نیکسس7 ٹیبلیٹ بنانے والی کمپنی ASUS نے ان تمام خبروں کو محض افواہیں قرار دیا ہے۔ جو بھی ہو گوگل کو چاہیے کہ وہ یہ کم قیمت ٹیبلیٹس امریکہ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک میں فروخت کرنے کی بجائے پاکستان ، بھارت اور تیسری دنیا کے دیگر ممالک میں متعارف کروائے جہاں عام آدمی کی پہنچ ان نت نئے گیجٹس تک نہیں ہے۔ آپ کا کیا خیال ہے؟