گوگل کی جانب سے جیلی بین 4.1 سے مزین پہلی نیکسس ٹیبلیٹ متعارف

جیسا کہ ہم نے آپ کو کل رات آئی ٹی نامہ کے فیس بک فین پیج پر بتایا تھا کہ گوگل کی جانب سے I/O 2012 ڈیویلپرز کانفرنس کے موقع پر پہلی نیکسس ٹیبلیٹ متعارف کروا دی گئی ہے۔اس ٹیبلیٹ کا نام نیکسس7 رکھا گیا ہے(آپ کو شاید معلوم ہو کہ گوگل کی جانب سے متعارف کروائے جانے والے سمارٹ فونز یا ٹیبلیٹ نیکسس برانڈ ہوتے ہیں اور ان میں پہلی بار گوگل کا نیا آپریٹنگ سسٹم متعارف کروایا جاتاہے۔اسی طرح ان ڈیوائسسز کے لیے تمام اینڈرائیڈ اپڈیٹس فوری دستیاب ہوتے ہیں)

گوگل کی جانب سے پیش کی جانے والی یہ ٹیبلیٹ ASUS نے تیار کی ہے اور اس میں گوگل کے نئے آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ 4.1 جیلی بین کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس ٹیبلیٹ میں تیز رفتار Tegra 3 کواڈ کور پراسیسراور ہائی ڈیفینیشن IPS سکرین کا استعمال کیا گیاہے۔ بے پناہ خوبیوں کی حامل اس ٹیبلیٹ کا 8GB ورژن صرف 199 امریکی ڈالر میں دستیاب ہوگا۔

نیکسس 7 ٹیبلیٹ کی نمایاں خصوصیات کچھ یوں ہیں:

  • آپریٹنگ سسٹم: اینڈرائیڈ 4.1 جیلی بین
  • سکرین: 800×1280 پکزل ،7 انچ IPS ہائی ڈیفینیشن
  • پراسیسر: 1.3GHz کواڈ کور کورٹیکس A9 nVidia Tegra 3
  • گرافکس : 12 کور جی پی یو
  • ریم : 1GB DDR3
  • کیمرہ: سامنے کی جانب 1.2میگا پکزل 720p
  • سٹوریج : 8GB اور 16GB ، (میموری کارڈ کی سہولت موجود نہیں)
  • بیٹری: 9گھنٹے ایچ ڈی ویڈیو چلانے کی صلاحیت اور 300 گھنٹے سٹینڈ بائی
  • کمیونیکیشن: وائی فائی، مائیکرویوایس بی، این ایف سی

اپنی ان تمام تر خصوصیات کے ساتھ نیکسس7 ٹیبلیٹ ویڈیو گیمز ، ہائی ڈیفینیشن ویڈیوز ، انٹرنیٹ اور دیگر ایپلی کیشنز کے لیے بہت ہی موزوں ہے۔ اس کے تیز تر پراسیسر اور اعلی درجے کا جی پی یو کی بدولت آپ کو ٹیبلیٹ استعمال کرتے ہوئے کسی قسم کا Lag محسوس نہیں ہوگا۔

امریکہ کینیڈا اور برطانیہ میں یہ ٹیبلیٹ جولائی 2012 کے وسط میں دستیاب ہوگی ، جسکے لیے آپ چاہیں تو آج بھی آرڈر دے سکتے ہیں۔ 8GB ماڈل کی قیمت 199 امریکی ڈالر اور 16GBماڈل کی قیمت249 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ امید ہے کہ پاکستان میں یہ ٹیبلیٹ اگست تک دستیاب ہوجائے گی اور اندازاً اسکی قیمت 22 ہزار سے 25 ہزار کے درمیان ہوسکتی ہے۔

گوگل کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کمپنی ہر ٹیبلیٹ صارف کو گوگل پلے کے لیے 25 ڈالر کریڈٹ ،ٹرانسفارمرز فلم اور ای بکس بھی مفت فراہم کرے گی۔

نیکسس 7 کے بارے میں مزید جاننے کے لیے یہ ویڈیو ملاحظہ کیجئے: