ایپل کی جانب سے ٹوئٹر میں بڑی سرمایہ کاری کا ارادہ

نیویارک ٹائمز کی اطلاعات کے مطابق ایپل جلد ہی مشہور مائیکروبلاگنگ ویب سائیٹ ٹوئٹر میں بڑی سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔اس حوالے سے دونوں کمپنیاں گذشتہ چند ماہ سےابتدائی  مذاکرات کر رہی ہیں۔

گو کہ ٹوئٹر کو فی الحال کسی قسم کی مالی معاونت کی ضرورت تو نہیں، اور اسکے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے مطابق کمپنی کے بینک اکاؤنٹس بھر ے پڑے ہیں۔لیکن دیکھا جائے تو ٹوئٹر کے لیے ایپل جیسی بڑی کمپنی کے ساتھ معاہدہ بہت سود مند ثابت ہوسکتا ہے۔ جو کہ ایک دن میں اتنا منافع کما لیتی ہے جتنا ٹوئٹر ایک سال میں نہیں کما پاتی۔

ایپل کی جانب سے کچھ عرصہ قبل Ping کے نام سے سوشل میڈیا کے میدان میں قدم رکھنے کی کوشش کی گئی جو بری طرح ناکام ہوئی، ذراع کے مطابق عنقریب کمپنی اپنے اس پراجیکٹ کو ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ایسی صورت میں اگر ایپل ٹوئٹر میں سرمایہ کاری کرے تو یہ اس طرح اسے دوہرا فائدہ ہوگا۔

ایپل کی جانب سے اس سے قبل چھوٹی کمپنیوں کو تو خریدا گیا ہے اور چند بڑی کمپنیوں میں تھوڑی بہت سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ لیکن ٹوئیٹر جیسی بڑی کمپنی کے ساتھ معاہدہ یقیناً ایک بڑی خبر ہوگی۔