نیا امریکی ڈرون ہیلی کاپٹر : 65 آنکھیں 1.8 گیگا پکزل کیمرہ

دنیا بھر میں جتنا پیسہ اور محنت ہتھیاروں کی تیاری پر خرچ کی جاتی ہے اگر اسکا  کچھ حصہ بھی امن کے کاموں میں استعمال کیا جائے تو یقیناً پوری دنیا امن کا گہوارہ بن جائے گی۔ لیکن جناب کیا کیا جائے کہ دنیا کہ اکثر ممالک امن سے زیادہ جنگ کے حامی ہیں۔

حال ہی میں امریکی فوج نے ایک ڈرون(بغیر انسانی پائیلیٹ) ہیلی کاپٹرتیار کیا ہے جس میں 1.8 گیگاپکزل کا کیمرہ نصب کیا گیا ہے۔

اس ڈرون  ہیلی کاپٹر میں نصب اس طاقت ور کیمرہ کی مدد سے زمین سے کم و بیش بیس ہزار فٹ کی بلندی سے قریباً 65 مربع میل دور تک کی ویڈیو بنائی جاسکتی ہے۔

اس ہمنگ برڈ ہیلی کاپٹر کو یونانی دیوتا آرگس سے تشبیہ دی گئی ہے جس کی 100 آنکھیں تھیں اور وہ تمام چیزیں دیکھ سکتا تھا۔ گوکہ اس ہیلی کاپٹر کی 100 نہیں بلکہ 65 آنکھیں ہیں جن کی مددسے یہ مختلف ٹارگٹس کو دیکھ سکتا ہے چاہے وہ مخالف سمتوں میں ہی کیوں نہ جارہے ہوں۔

ہیلی کاپٹر کی آزمائیشی پروازیں جلد ہی امریکی ریاست ایریزونا میں منعقد کی جائیں گی جسکے بعد اسے افغانستان  میں استعمال کیا جائے گا۔

اپنے طاقتور کیمرہ کے علاوہ یہ ہیلی کاپٹر دیگر تمام جدید آلات سے بھی مزین ہے اور کسی بھی قسم کی ناہموار سطح پر بھی اتارا جاسکتا ہے۔

امریکی محکمہ دفاع اور ہیلی کاپٹر تیار کرنے والی برطانوی کمپنی کے مطابق جلد ہی اس ہیلی کاپٹر کی استعداد کو مزید بڑھادیا جائے گا اور 65 کی بجائے اسکی 130 آنکھیں کر دی جائیں گی جو رات کے وقت بھی بخوبی دیکھ سکیں گی۔

منبع