نوے کی دہائی کے مقبول چیٹ رومز اب جلد فیس بک پر بھی

نوے کی دہائی میں انٹرنیٹ سے متعارف ہونے والے دوست چیٹ رومز کے بارے میں ضرور جانتے ہونگے، اس وقت نہ تو انٹرنیٹ سے فلمیں گانے ڈاؤنلوڈ کرنے کا رواج تھا اور نہ ہی صبح شام اپنی اور اپنے کھانے کی تصاویر آن لائن شائع کی جاتی تھیں۔

بس انٹرنیٹ کا مطلب یہ ہوتا تھا کہ یاہو، ایم ایس این، آئی آر سی یا پھر اے او ایل جہاں بھی آپ کا دل لگے وہاں اپنی پسند کے چیٹ روم میں جا بیٹھیں اور دنیا بھر سے ایسے لوگوں سے بحث مباحثہ کیا جائے جن کے اصل نام بھی ہم نہیں جانتےتھے ۔ اسکے علاوہ مجھ سمیت کچھ لوگوں کی کوشش یہ بھی ہوتی تھی کہ ان چیٹ رومز کے ذریعے نئے نئے دوست بنائے جائیں اور اگر ان میں (لڑکیاں) بھی شامل ہوں تو کیاخوب بات ہو۔

تاہم پھر انٹرنیٹ پر رجحانات میں تبدیلی آنے لگی، آرکٹ، مائی سپیس اور پھر فیس بک نےچیٹ رومز کا کاروبارٹھپ کردیا اور اب ان میں سے بہت سے نیٹورکس پرپبلک چیٹ رومز کی سہولت ختم کردی گئی ہے۔

لیکن اب امریکی جریدے Wired کی ایک رپورٹ کے مطابق فیس بک نے چیٹ رومز کے از سر نو آغاز کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لیے فیس بک میسنجر کی ایپلی کیشن میں اسکا کوڈ بھی شامل کردیا گیا ہے۔ تاہم ابھی اسے عام صارفین کے لیے متعارف نہیں کروایا گیا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ فیس بک نے چند سال قبل بھی چیٹ رومز کی ایک الگ ایپلی کیشن متعارف کروائی تھی جو صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں بالکل ناکام ہوئی تاہم اب امید ہے کہ میسنجر جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد ایک ارب کے لگ بھگ ہے چیٹ رومز کو ایک بار پھر مقبول بنا دے گی۔

chatroom-facebook

فیس بک چیٹ رومز میں نیا کیا ہوگا؟

کسی بھی چیٹ روم کی طرح فیس بک صارفین ایک لنک کی مدد سے اسے جائن کرسکیں گے ، جہاں پر دنیا بھر سے کوئی بھی شحص اپنی رائے کا اظہار کرسکے گا۔

تاہم دیکھنا یہ ہے کہ فیس بک چیٹ رومز میں نیا کیا ہوگا اور کیا اس میں دیگر چیٹ رومز کی طرح روم آپریٹر وغیرہ کا فیچر بھی شامل ہوگا جو بدتمیزی کرنے والے افراد کو نکال باہر کرسکے؟ اسی طرح ہر روم میں صارفین کے داخلے کی حد بھی مقرر کرنا ہوگی اور سب سے بڑھ کر کیا چیٹ روم میں آنے والے افراد کے اصل نام اور پروفائل لنک دکھایا جائے گا؟ کیونکہ اگر ایسا ہو تو پھر چیٹ رومز کی افادیت کیا رہ جائے گی، یہ کام تو کسی بھی پوسٹ پر ہونے والے کمنٹس میں بھی کیا جاسکتا ہے۔

فیس بک انتظامیہ نے چیٹ رومز کے بارے میں زیادہ معلومات فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے تاہم انہوں نے اس کے وجود سے انکار نہیں کیا اور اسے روایتی ٹیسٹنگ قرار دیا ہے۔ مگر ذراع یہی بتاتے ہیں کہ فیس بک جلد چیٹ رومز متعارف کروانے کا ارادہ رکھتا ہے، لہذا تیار ہوجائیں۔

کیا آپ کے خیال میں فیس بک کے چیٹ روم ، نوے کی دہائی جیسی مقبولیت حاصل کرپائیں گےیا پھر اب انٹرنیٹ صارفین کے رجحانات تبدیل ہوچکے ہیں؟