موبائل کمپنیوں کی انعامی سکیمیں، صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی

حال ہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک فیصلہ کے تحت موبائل کمپنیوں کی جانب سے شروع کی گئی انعامی سکیموں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

گذشتہ سال 28 مئی کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے تمام ٹیلی کام کمپنیوں کو ہدایت جاری کی گئی تھی کہ وہ تمام انعامی سکیمیں جیسے کار، موٹر سائیکل اور ٹکٹس وغیرہ کی آفرز فی الفور بند کردی۔ کیونکہ ٹیلی کام کنزیومر پروٹیکشن کنٹرول کے تحت ایسا کرنا غلط ہے، جبکہ موبائل کمپنیوں کو جاری کیے گئے لائسنس کے قوانین کے تحت بھی  وہ انعامی سکیموں سے آمدن نہیں کر سکتیں اور حکم عدولی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

bancourt

پی ٹی اے کے اس اقدام کی خلاف پانچوں موبائل کمپنیوں، موبی لنک ، یوفون، ٹیلی نار، زونگ اور وارد نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کردی اور اس معاملے پر حکم امتناعی حاصل کرلیا۔ لیکن گذشتہ ہفتے ہونے والی عدالتی کاروائی میں ہائی کورٹ نے کمپنیوں کی پٹیشن خارج کرتے ہوئے انہیں ایسی سکیمز بند کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

موبائل کمپنیوں کے نمائیندہ سبطین فضلی کے مطابق ایسی سکیمیں کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کرتیں، اور عدالت نے صرف متنازعہ انعامی سکیموں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے اور فی الفور ان سکیمز کو بند کردینا کافی مشکل ہے کیونکہ ان تمام معاملات میں بہت سے ادارے اور افراد شامل ہیں۔

بشکریہ ڈان