ایس ای او کیا ہے اور ویب سائیٹ کے سرچ انجن فرینڈلی ہونے سے کیا مراد ہے؟

اگر آپ ویب سائیٹس میں تھوڑی بہت دلچسپی رکھتے ہیں یا آپ کی اپنی کوئی ویب سائیٹ / بلاگ ہے، تو یقیناً آپ نے ایس ای او (SEO) کا نام ضرور سنا ہوگا۔

ایس ای او کی بنیادی تعریف:

ایس ای او یا سرچ انجن آپٹیمائزیشن دراصل ایک ایسے عمل کا نام ہے جس کی بدولت آپ اپنی ویب سائیٹ پر بغیر کوئی رقم خرچے، سرچ انجنز جیسے گوگل سے “ٹریفک” یعنی صارفین حاصل کرتے ہیں۔

تمام سرچ انجنز جیسے گوگل، مائیکروسافٹ بنگ اور یاہو وغیرہ صارفین کو انکی دلچسپی کا مواد ڈھونڈنے میں مدد دیتے ہیں۔ مثال کے طور پر آپ سام سنگ کے نئے نوٹ سمارٹ فون کے بارے میں جاننا چاہ رہے ہیں تو آپ گوگل پر Note 7 کا “کی ورڈ” لکھیں گے۔

جس کے نتیجے میں گوگل آپ کو وہ تمام ویب سائیٹس دکھائے گی، جن پر نوٹ 7 سے متعلق معلومات موجود ہیں۔ آپ سرچ کے نتائج پر غور کریں تو جو ویب سائیٹس پہلے صفحے پر موجود ہیں، ہو سکتا ہے کہ اب پر آپ کے مطلب کی معلومات موجود نہ ہوں مگر چونکہ انکی اپٹیمائزیشن اچھے طریقے سے کی گئی ہے لہذا گوگل نے انہیں اولین نمبروں پر رکھا ہے۔

seo-sef

سرچ انجن آپٹیمائزیشن اور سرچ انجن فرینڈلی میں فرق

بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ سرچ انجن آپٹیمائزیشن اور ویب سائیٹ کا سرچ انجن فرینڈلی SEF ہونا ایک ہی بات ہے۔ تاہم یہ دو مختلف چیزیں ہیں۔

سرچ انجن فرینڈلی سے مراد یہ ہے کہ آپ کی ویب سائیٹ اسطرح سے تیار کی گئی ہے کہ اس کا کوڈ سرچ انجنز کی معاونت کرتا ہے۔ ویب سائیٹ سرچ انجن کو مطلوبہ کی ورڈز واضح طور پر دکھاتی ہے، اسکے تام صفحات پر مواد یکساں نہیں بلکہ ہر صفحہ مختلف ہے اور اس میں موجود ڈیٹا، ٹیگز اور انکی تفصیل الگ الگ ہے۔

یعنی آپ کی ویب سائیٹ سرچ انجن کے لیے موزوں ہے کوئی بھی سرچ انجن یقینی طور پر آپ کی ویب سائیٹ سے ڈیٹا تلاش کرے گا۔

اسکے مقابلے میں ایس ای او، ایک مسلسل جاری رہنے والے عمل کا نام ہے۔ جس میں آپکو ویب سائیٹ پر نیا ڈیٹا بھی شامل کرنا ہوگا  اور ایسے کی ورڈز استعمال کرنا ہونگے جو ڈیٹا سے مطابقت رکھتے ہوں۔ سرچ انجن فرینڈلی ہونا، دراصل ایس ای او کا آغاز ہے جس کے اختتام کی کوئی حد نہیں۔

یہ ممکن نہیں کہ آپ ایک دفعہ ایس ای او کریں اور یہ سمجھیں کہ کام ختم ہوگیا، جب بھی آپ ویب سائیٹ پر نیا ڈیٹا شامل کریں گے اسے سرچ انجن کے لیے موزوں بنانا ہوگا۔

بہتر ایس ای او کے لیے ضروری ہے کہ آپ کی ویب سائیٹ پر موجود ڈیٹا صارف کے لیے واقعتاً مفید ثابت ہو۔ اگر آپ دوسری ویب سائیٹس سے ہی کاپی پیسٹ کرکے ڈیٹا شامل کررہے ہیں تو اسکا کوئی فائدہ نہیں۔

بہتر ایس ای او آپ کو سالہا سال فائدہ دے سکتی ہے

کوشش کی جائے کہ ویب سائیٹ پر ایسا ڈیٹا شامل کریں جو نہ صرف آج بلکہ آج سے دس سال بعد بھی کارآمد ثابت ہو، تاکہ تب بھی سرچ انجن پہلے صفحے پر آپ کی ویب سائیٹ کا لنک ہی دکھائے۔

میری کوشش ہوگی کہ آئندہ تحاریر میں سرچ انجن آپٹیمائزیشن کی مختلف تکنیکوں سے بھی آپ کو آگاہ کروں اور خاص کر وہ لوگ جو ورڈ پریس کا استعمال کررہے ہیں انہیں بہتر ایس ای او کا طریقہ بتایا جائے۔