سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائیٹ ہیکرز کے نرغے میں


پاک بگز نامی ایک ہیکر گروپ کی جانب سے آج سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائیٹ کو ہیک کر لیا گیا۔ ہیکرز کے سرغنہ ’زومبی کے ایس اے‘ کی جانب سے اس پیغام میں کہا گیا کہ چیف جسٹس صاحب عیش و عشرت کی زندگی چھوڑ کر غریب عوام کے دکھوں کا مداوا کریں۔

اسکے علاوہ ہیکرز کی جانب سے اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ سپریم کورٹ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی پر زور دے کہ وہ فحش ویب سائیٹس پر مکمل پابندی عائد کرے ایسا نہ کرنے کی صورت میں ہیکرز کے جانب سے دھمکی دی گئی ہے کہ وہ پی ٹی اے کی ویب سائیٹ کو بھی ہیک کر لیں گے۔

ہیکرز کی جانب سے کہا گیا ہے ویب سائیٹ پر موجود مواد کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا اور صرف انڈیکس فائل کو ہی تبدیل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ویب سائیٹ انتظامیہ پر بھی کڑی تنقید کی ہے۔یاد رہے کہ یہ گروپ اس سے قبل بھی دیگر پاکستانی ویب سائیٹس کو ہیک کر چکا ہے۔

تازہ اطلاعات کے مطابق ویب سائیٹ انتظامیہ نے ہیک کئے گئے صفحہ کو ختم کر دیا ہے اور ویب سائیٹ کو دوبارہ بحال کیا جارہا ہے۔