پاکستانی ہیکرز نے بھارت کی 7 سرکاری ویب سائیٹس پر پاکستان اور افواج پاکستان کے حق میں نعرے لکھ ڈالے

انٹرنیٹ ہیکنگ کے تازہ ترین واقعہ میں، پڑوسی ملک بھارت کی مختلف ممالک میں موجود ایمبیسیز، ہائی کمیشن اور قونصلیٹ کی 7 ویب سائیٹس کو ہیک کر لیا گیا۔ ہیکرز نے اپنا تعلق پاکستان سے ظاہر کیا ہے اور ہیک کیے جانے والی ویب سائیٹس پر پاکستان اور افواج پاکستان کے حق میں نعرے لکھے ہیں۔

hackindia
بین الاقوامی ذراع ابلاغ کے مطابق ہیکرز نے صحافیوں کو ای میل کے ذریعے پیغام بھیجا ہے کہ انہوں نے ترکی، یونان، میکسکو، برازیل، تاجکستان اور جنوبی افریقہ کے لیے بنائی گئی بھارتی ایمبیسیز کی ویب سائیٹس کو ہیک کر لیا ہے۔

ہیکرز نے ان ویب سائیٹس پر موجود ڈیٹا کی جگہ پاکستان اور افواج پاکستان کے حق میں نعرے درج کر دیے ہیں، جس میں بھارتی حکوت کو پاکستان سے ڈرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

پاکستان اور بھارتی ہیکرز کے درمیان ایک دوسرے کی ویب سائیٹس ہیک کرنے کا سلسلہ کچھ نیا نہیں، اس سے قبل بھی پاکستانی ہیکرز بھارت کی حکومتی ویب سائیٹس کو ہیک کرتے ہیں، اسی طرح بھارتی ہیکرز نے بھی کئی پاکستانی ویب سائیٹس کو ہیک کرنے کا “کارنامہ” سرانجام دیا ہے۔ ہیکنگ کا یہ سلسلہ زیادہ محنت کا محتاج نہیں ہوتا، کیونکہ ہیکرز ویب سائیٹ کی ڈیٹا  بیس تک نہیں پہنچ پاتے تاہم اس کے کوڈ میں کسی خامی کے باعث چند جگہوں پر اپنی مرضی کا مواد شامل کردیتے ہیں۔