گوگل پاکستان سمیت کم وبیش 300 پاکستانی ویب سائیٹس کو ہیک کر لیا گیا

آج صبح نامعلوم ہیکرز کی جانب سے گوگل پاکستان سمیت کم وبیش 300 پاکستانی ویب سائیٹس کو ہیک کر لیا گیا۔ یہ تمام ویب سائیٹس PK. ڈومین نیم کے ساتھ تھیں اور ماہرین کے مطابق ہیکرز نے DNS میں تبدیلی کر کے انہیں ہیک کر لیا ہے۔

اس بارے میں ابھی کسی قسم کی معلومات نہیں مل سکیں کہ ہیکرز نے ویب سائیٹ کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کی ہے یا نہیں، ہیک شدہ ویب سائیٹس پر دیا گیا پیغام ترکی زبان میں ہے لہذا خیال کیا جارہا ہے کہ شاید ہیکرز کا تعلق ترکی سے ہے۔

گوگل پاکستان کی ویب سائیٹ Google.com.pkپاکستان میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویب سائیٹس میں تیسرے نمبر پر ہے، عام طور پر جو بھی صارفین Google.com کھولیں انہیں گوگل پاکستان کے پیج پر منتقل کر دیا جاتا ہے۔

گوگل پاکستان کے نمائندہ بدر خوشنود کی جانب سے ہیکنگ حملہ کی تصدیق کی گئی ہے اور جب تک اس مسئلہ پر قابو نہیں پایا جاتا صارفین کو Google.com کے ذریعے سرچ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔