سام سنگ نے پاکستان میں نوٹ 7 سمارٹ فون کے پری آرڈر شروع کر دیے

سام سنگ نے حال ہی میں نوٹ سیریز کا نیا سمارٹ فون نوٹ 7 متعارف کروایا ہے۔ جس نے پوری دنیا میں دھوم مچا رکھی ہے اور اسے اب تک کا سب سے بہترین سمارٹ فون قرار دیا جارہا ہے۔

گو کہ عالمی مارکیٹ میں اسکی قیمت کم و بیش 850 ڈالر کے قریب ہے، تاہم پاکستان میں اسے 93500 میں خریدا جاسکے گا، اس حوالے سے سام سنگ نے Daraz.pk اور سام سنگ کی مخصوص دکانوں پر پری آرڈر کی سروس شروع کردی ہے۔

note-7-2

سام سنگ نوٹ 7 خریدنے والے تمام افراد کو اسکے ساتھ سام سنگ کا ورچوئل ریئلیٹی ہیڈ سیٹ Gear VR مفت فراہم کیا جائے گا۔

نوٹ 7 میں کیا خاص بات ہے؟

نوٹ 7 میں بہت کچھ نیا ہے، اس کا ڈیزائن نوٹ سیریز کی بجائے سام سنگ گلیکسی ایس 7 سے کافی ملتا جلتا ہے، گو کہ اسکا سائز کافی بڑا ہے۔ نوٹ 7 کی سکرین 5.7 انچ لمبی ہے اور اس میں 2K ریزولیوشن کے ساتھ Super AMOLED پینل کا استعمال کیا گیا ہے۔ فون کی سکرین کناروں سے گولائی پر ہے جو کہ اب سام سنگ کی پہچان بن چکی ہے۔

پرانے نوٹ سیریز فونز کی نسبت نوٹ 7 میں پلاسٹک کی بجائے شیشے اور ایلومینم کا استعمال کیا گیا ہے جو اسے انتہائی جاذب نظر بناتے ہیں۔

نوٹ 7 کا سٹائلس یا ایس پین پہلے کی نسبت زیادہ بہتر ہے اور نئی ایپلی کیشن کے ساتھ آپ اسے فوری طور پر کسی بھی سکرین پر لکھنے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

note-7-urdu

فون آنکھ کے اشاروں سے ان لاک کریں

اسی طرح فون میں ایک نیا اضافہ ‘آئرس سکینر’ کا ہے جو آپ کی آنکھ کی پتلی کو سکین کر کے فون یا کوئی بھی ایپلی کیشن ان لاک کرتا ہے۔ یعنی اب آپ کو کسی قسم کا کوڈ یا فنگر پرنٹ سکینر کی بھی ضرورت نہیں۔ گو کہ فون میں فنگر پرنٹ سکینر بھی موجود ہے تاہم جب آنکھوں کے اشارے سے فون ان لاک کیا جاسکے تو اس سے بہتر اور کیا ہوگا۔

اور تو اور یہ فون واٹر پروف بھی ہے، یعنی اگر آپ بارش میں استعمال کریں یا تالاب میں نہاتے وقت ساتھ لے جائیں اسکے خراب ہونے کا کوئی ڈر نہیں۔

iris

سام سنگ نوٹ 7 پہلے کی طرح دو مختلف پراسیسرز سے مزین ہے، کچھ ملکوں میں اسے کوالکام سنیپ ڈریگن 820 پراسیسر کے ساتھ فروخت کیا جائے گا جبکہ پاکستان میں اسے Exynos 8890 پراسیسر کے ساتھ لایا جائے گا۔

فون میں 4 گیگا بائیٹ ریم ہے اور اسکی سٹوریج 64 گیگا بائیٹ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ اس میں میموری کارڈ بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

بہترین کیمرہ فون

اگر کیمرہ کی بات کی جائے تو اس میں پیچھے کی جانب 12 میگا پکزل سنسر نصب ہے جس کا اپرچر f/1.7 ہے یعنی اس سے کھینجی جانے والی تصاویر کافی شاندار اور رنگوں سے بھرپور ہونگی۔ سامنے کی جانب 5 میگا پکزل کیمرہ نصب ہے، جبکہ دونوں کیمروں میں آپٹیکل امیج سٹیبلائزیشن کا فیچر بھی شامل ہے۔ جسکی بدولت ویڈیو بناتے ہوئے اگر آپ کے ہاتھ زیادہ بھی ہل رہے ہوں تو تصویر متوازن ہی رہے گی۔

آپ اسکے کیمرہ کی مدد سے 4K ریزولیوشن کی ویڈیوز بھی بناسکتے ہیں تاہم خیال رہے کہ یہ ویڈیوز بہت زیادہ جگہ گھیریں گی۔

camera

اگر بیٹری کی بات کی جائے تو اس میں 3500 ملی ایمپیئر آور کی بیٹری نصب ہے جو کہ اتنے بڑے سائز کے فون کے لیے تھوڑی کم ہے، تاہم سام سنگ کا دعوی ہے کہ اس میں موجود تیزچارجنگ کا فیچر آپ کے فون میں گھنٹوں کی بجائے منٹوں میں چارج کردیا کرئے گا۔

gear

فون میں فور جی ، وائی فائی بلیوٹوتھ، این ایف سی اور یو ایس بی سی ٹائپ سمیت بہت سے اور بھی فنکشنز موجود ہے۔ اس میں گوگل اینڈرائیڈ کا تازہ ترین ورژن مارش میلو چل رہا ہے اور اسکے ساتھ سام سنگ کا ٹچ وز انٹرفیس شامل کیا گیا ہے۔

مجموعی طور پر سام سنگ نوٹ 7 کے تمام فیچرز بہت خوب ہیں اور اسے دنیا کا بہترین سمارٹ فون بناتے ہیں، تاہم اسکی قیمت بہت زیادہ ہے اور شاید ہی عام صارفین اسے خرید پائیں۔

عام طور پر سام سنگ کا مقابلہ آئی فون سے ہوتا ہے۔ سام سنگ نے تو اس سال کے لیے اپنا بہترین فون لانچ کردیا ہے لیکن اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا نیا آنے والا آئی فون 7 اسے مات دے پائے گا یا نہیں؟