سام سنگ نے یوفون کے تعاون سے پاکستان میں گلیکسی ایس 5 سمارٹ فون متعارف کروا دیا

سام سنگ نے حال ہی میں یوفون کے تعاون سے پاکستان میں گلیکسی ایس 5 سمارٹ فون متعارف کروا دیا ہے۔ اس فون کی قیمت 75،000 روپے مقرر کی گئی ہے اور یوفون صارفین کو اسکے ساتھ 20 گیگا بائیٹ موبائل انٹرنیٹ مفت فراہم کیا جارہا ہے۔

galaxy-s5-press-photo
گلیکسی ایس 5 سمارٹ فون پہلے کی نسبت تھوڑا سا بڑا ہے اور اب کی بار اس میں اچھی کوالٹی کے پلاسٹک کا استعمال کیا گیا ہے۔ گو کہ فون کا ڈیزائن گلیکسی ایس 4 سے کافی مشابہت رکھتا ہے تاہم اس میں گلیکسی نوٹ 3 کی طرح کا بیک کور اور فریم استعمال کیا گیا ہے۔ aاگر باقی مہنگے موبائل فونز کی طرح اس میں بھی ایلومینم یا کسی اور دھات کا استعمال کیا جاتا تو زیادہ بہتر ہوتا۔

galaxy-s5-top

سام سنگ کا یہ نیا فون IP67 سرٹیفائیڈ ہے، جسکا مطلب یہ ہے کہ اس پر پانی اور گرد و غبار کا اثر نہیں ہوگا۔ تاہم آپ اسے زیادہ دیر تک پانی میں نہیں رکھ سکتے اور نہ ہی اسے گہرے پانی میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

گلیکسی ایس 5 میں دو مزید نئے فیچرز فنگر پرنٹ سکینر اور دل کی دھڑکن معلوم کرنا ہے۔ فون کے ہوم بٹن میں لگا سکینر آپکی انگلی کے نشانات کو محفوظ کر لیتا ہے اور پھر آپکے علاوہ کوئی اس فون کو استعمال نہیں کر سکتا۔ اسی طرح یہ فنگر پرنٹس مختلف آن لائن سٹورز پر خریداری کے لیے بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

galaxy-s5-usb

فون کی پشت پر کیمرہ کے بالکل نیچے لگا ایک چھوٹا سا سنسر آپ کے انگلی رکھنے پر دل کی دھڑکن کی پیمائش کرتا ہے۔ جس کا ریکارڈ سام سنگ  کی S Health ایپلی کیشن میں محفوظ رکھا جاتا ہے۔

پاکستان میں گلیکسی ایس 5 کا اوکٹا کور ورژن لانچ کیا گیا ہے، اسکی ریم 2 گیگا بائیٹ اور سٹوریج 16 گیگا بائیٹ ہے۔ جبکہ آپ اس میں 128 گیگا بائیٹ تک میموری کارڈ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ فون کا سکرین سائز بڑھا کر 5.1 انچ کر دیا گیا ہے، جسکی بدولت اس فون کو ایک ہاتھ سے استعمال کرنا تھوڑا مشکل ہے۔

camera-back

گلیکسی ایس 5 میں 2800 ملی ایمپیئر آور بیٹری کا استعمال کیا گیا ہے اور چارجنگ کے لیے USB 3.0 نصب کی گئی ہے جسکی بدولت نہ صرف فون جلد چارج ہوسکے گا بلکہ ڈیٹا بھی تیزی سے ٹرانسفر ہوگا۔

اس نئے فون میں پشت کی جانب بڑے سنسر والا 16 میگا پکزل کیمرہ نصب ہے، اور سامنے کی جانب 2 میگا پکزل۔ دونوں کیمرہ ہائی ڈیفینیشن ویڈیو بنانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ گلیکسی ایس 5 میں کیمرہ ایپلی کیشن میں بھی بہت سے تبدیلیاں کی گئی ہیں اور نوکیا کی طرز پر آپ تصویر اتارنے کے بعد بھی اس میں فوکس کو تبدیل کر سکتے ہیں۔

camera-galaxy-s5

گلیکسی ایس 5 میں اینڈرائیڈ کا تازہ ترین ورژن 4.4.2 کٹ کیٹ استعمال کیا گیا ہے اور اسکے ساتھ سام سنگ ٹچ وز انٹرفیس کا بھی نیا ورژن انسٹال ہے جو پہلے کی نسبت زیادہ آسان ہے۔

سام سنگ کا یہ نیا فون بلاشبہ بہترین فیچرز کا حامل ہے، تاہم کمپنی کو چاہیے کہ وہ اب پلاسٹک کا استعمال چھوڑ دے اور اگلے فون کے ڈیزائن میں بھی تبدیلی لے کر آئے۔

آپ کے خیال میں کیا یہ فون پاکستان میں دنیا بھر جیسی مقبولیت حاصل کر پائے گا؟ اور کیا اسکی قیمت مناسب ہے؟