نوکیا ایک بار پھر موبائل فونز کی دنیا میں تہلکہ مچانے کو تیار، سال کے آخر پر نئے سمارٹ فون لانچ کیے جائیں گے

ایک زمانہ تھا جب نوکیا کو موبائل فونز کی دنیا کا بے تاج بادشاہ سمجھا جاتا تھا۔ تاہم ٹیکنالوجی کے تیزی سے بدلتے ہوئے رجحان نے نوکیا کو آسمان سے زمین پر لا پھینکا۔ نوکیا کی سب سے بڑی غلطی سمارٹ فونز کی دوڑ میں اینڈرائیڈ کو نظر انداز ثابت کرنا ہوئی۔ دوسری طرف مائیکروسافٹ نوکیا کا بزنس خریدنے کے باوجود بھی اسے اچھے طریقے سے نہ چلا پایا، شاید اسکی بڑی وجہ ونڈوز آپریٹنگ سسٹم ہے۔

نوکیا پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک میں آج بھی کافی مقبولیت رکھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نوکیا کے فیچر فونز پاکستانی مارکیٹ میں آج بھی بڑی تعداد میں فروخت ہوتے ہیں۔

اچھی خبر یہ ہے کہ بہت جلد نوکیا ایک بار پھر سمارٹ فونز متعارف کروانے جارہی ہے اور اس نوکیا سے مراد ‘مائیکروسافٹ لومیا‘ والی نوکیا نہیں بلکہ Finland کی اصل کمپنی ہے جو کہ اب HMD Global کے نام سے کام کر رہی ہے۔

nokia phone

نوکیا کے چین میں موجود ایگزیکٹیو مائیک وانگ نے اس بات کی تصدیق کی ہے نوکیا سال 2016 کے آخر میں 4 سمارٹ ڈیوائسز متعارف کروانے کی خواہاں ہیں جس میں سمارٹ فونز اور ٹیبلیٹس شامل ہیں۔

نوکیا اب اینڈرائیڈ کے ساتھ

نوکیا کے نئے سمارٹ فون اور ٹیبلیٹس ونڈوز نہیں بلکہ گوگل کے موبائل آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ سے مزین ہونگے اور انکی تیاری Foxconn کرے گی جو ایپل آئی فون بنانے کے حوالے سے عالمی شہرت رکھتی ہے۔

ان سمارٹ فونز کے بارے میں ابھی کوئی ٹھوس معلومات تو فراہم نہیں کی گئیں تاہم قیاس یہی ہے کہ نوکیا کے یہ فونز سام سنگ کی  ٹکر کے ہونگے۔ یعنی فلیگ شپ فون میں کم از کم کوالکام 820 پراسیسر اور 4 گیگا بائیٹ تک ریم کے ساتھ بہترین 20 میگا پکزل کیمرہ نصب ہوگا۔

یاد رہے کہ HMD Global میں اس وقت 70 فیصد سے زائد لوگ وہی ہیں جو نوکیا کے لیے کام کرتے تھے اور اسکے چیف مارکیٹنگ آفیسر پیکا رنتلا گذشتہ 17 سے نوکیا سے منسلک رہے ہیں اور مشہور موبائل گیمر اینگری برڈز بنانے والی کمپنی Rovio کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔

اگر نوکیا اپنے سمارٹ فونز کی قیمتیں مناسب رکھے تو قوی امکان ہے کہ یہ سام سنگ سمیت دیگر سمارٹ فون کمپنیوں کو بچھاڑ دے۔ آپ کے خیال میں کیا نوکیا ایک بار پھر سے موبائل فون مارکیٹ میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرپائے گی؟ یا پھر سام سنگ، ہواوے اور اوپو جیسی نئی کمپنیاں اسے ٹکنے نہ دیں گی؟ تبصرہ ضرور کیجئے گا۔

منبع