گوگل نے فلیش کو خیر باد کہہ دیا، دسمبر تک مکمل بلاک کر دیا جائے گا

آج سے چند سال قبل تک، کمپیوٹنگ کی دنیا میں ایڈوبی فلیش پلیئر کا ایک خاص مقام تھا۔ چاہے وہ گیمز ہوں یا اینی میشنز، آن لائن ویڈیو ہو یا انٹرنیٹ کی دیگرسروسز، فلیش ان کا سب کا ایک لازمی جزو تھا۔

تاہم فلیش کی وجہ سے صارفین کی انٹرنیٹ سپیڈ کافی کم ہوجاتی تھی اور دوسرا یہ ہے کہ ہیکرز نے اس میں بہت سی خامیاں ڈھونڈ نکالیں جسکی وجہ سے آہستہ آہستہ HTML5 فلیش کی جگہ لینے لگی۔

flash chrome

فلیش اب ماضی کا حصہ بننے کو ہے

اب فلیش کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خیر باد کہنے کا وقت آگیا ہے۔ گوگل کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کروم براؤزر کا تازہ ترین ورژن فلیش کو بلاک کرنا شروع کردے گا اور دسمبر تک تمام ویب سائیٹس پر فلیش کی بجائے HTML 5 کو فوقیت دی جائے گی۔

تاہم وہ ویب سائیٹس جو ابھی بھی فلیش کا استعمال کررہی ہیں ان پر صارف کی اجازت سے فلیش کو ایکٹیو کیا جائے گا۔

گوگل کے علاوہ دیگر براؤزر کمپنیاں جیسے فائر فاکس، اوپرا اور مائیکروسافٹ بھی فلیش کے استعمال کو کم سے کم کرنے پر عمل پیرا ہیں اور اسکے مقابلے میں HTML5 کو ترجیح دی جارہی ہے۔