ایپل ڈیویلپر کانفرنس اس سال 8 جون کو منعقد ہوگی

الیکٹرانک مصنوعات بنانے والی مشہور زمانہ کمپنی ایپل کی جانب سے حال ہی میں اعلان کیا گیا ہے کہ اسکی 26 ویں سالانہ ورلڈ وائیڈ ڈیویلپرز کانفرنس اس سال 8 جون تا 12 جون سان فرانسسکو میں منعقد ہوگی۔

ٹیکنالوجی کی دنیا میں اس کانفرنس کو بہت اہمیت حاصل ہے اور دنیا بھر سے ڈیویلپرز اور جدید ٹیکنالوجی کے مداح اس میں شرکت کرتے ہیں۔

wwdc

جو لوگ اس کانفرنس میں شرکت کے خواہاں ہیں وہ 17 اپریل تک ایپل کی ویب سائیٹ پر ٹکٹ کے لیے درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ جس کے بعد بذریعہ قرعہ اندازی ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔

اس سال منعقد ہونے والے ایپل کانفرنس میں 100 سے زائد ٹیکنیکل سیشن ہونگے اور 1000 سے زائد ایپل انجینئرز اسکا حصہ بنیں گے۔ جہاں صارفین کو ایپل کی نئی مصنوعات جیسے، ایپل واچ اور میک بک کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی وہیں، موبائل آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس، اور ڈیسکٹاپ میک او ایس کے نئے ورژن متعارف کروائے جانے کی بھی امید ہے۔