ایپل آئی فون کا نیا ورژن 7 ستمبر کو لانچ کیا جائے گا

لیجئے جناب، آئی فون کے مداحوں کا انتظار ختم ہونے کو ہے۔ ایپل کی جانب سے آج دنیا بھر کے میڈیا اور ٹیکنالوجی کی دنیا کے نامی گرامی افراد کو 7 ستمبر کے روز سان فرانسسکو میں ہونے والی ایک کانفرنس کا دعوت نامہ دے دیا گیا ہے۔ خیال یہی ہے کہ اس موقع پر ایپل نیا آئی فون (آئی فون7) لانچ کرے گی اسکےساتھ نئے آئی فون 7 کے بڑے سائز ورژن لانچ ہونے کی توقع بھی ہے۔

iphone-7

ایپل کا نیا آئی فون گذشتہ 6 ماہ سے انٹرنیٹ پر افواہوں کی زد میں ہے، کبھی کوئی اسکی تصاویر لیک کردیتا ہے تو کبھی اسکی ویڈیو سامنے آجاتی ہے۔ تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا یہ تمام افواہیں درست تھیں؟

آئی فون 7 میں کیا کچھ نیا ہے؟

آئی فون 7 کےہارڈوئیر کے بارے میں ابھی تک یہی پتہ چلا ہے کہ ایپل پہلی بار آئی فون میں سے آڈیو جیک ختم کرنے جارہی ہے۔ اسکی بجائے لائیٹننگ کنکشن کے ذریعے یہ آڈیو، ہیڈفونز تک پہنچائی جائے گی، ایسا سیٹ اپ اس سے قبل اوپو کے R5 فون میں بھی دیکھا گیا ہے۔ آڈیو پورٹ ختم کرنے سے فون کی موٹائی کو کافی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

اسکے علاوہ بڑے سائز کے آئی فون میں دو کیمروں کی توقع کی جارہی ہے جو کہ اس سے قبل ایچ ٹی سی اور ہواوے کے سمارٹ فونز میں دیکھے جاچکے ہیں۔

ایپل کے اس نئے آئی فون میں اور کیا کچھ ہوگا ، کیا اسکی قیمت سام سنگ کے گلیکسی نوٹ 7 سے زیادہ ہوگی؟ یہ سب جاننے کے لیے بس ایک ہفتہ مزید انتظار کیجئے۔