ایپل کا نیا آئی فون 12 ستمبر کو متعارف کروایا جائے گا

لیجئے جناب ایپل کے مداحوں کے لیے ایک اچھی خبر، انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں۔ ایپل کی جانب سے 12 ستمبر کو سان فرانسسکو میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی جارہی ہے جہاں ایپل کا نیا آئی فون (آئی فون 5) پیش کیا جائے گا۔ ابھی تک ملنے والی اطلاعات کے مطابق نئے آئی پیڈ کی طرح اس فون کا نام بھی نیا آئی فون ہوگا نہ کہ آئی فون 5۔

آئی فون 5 کے حوالے سے گذشتہ ایک سال سے مختلف افواہیں گردش کر رہی ہیں، بعض لوگوں کی جانب سے پروٹوٹائپ ماڈلز کی تصاویر اور ویڈیوز بھی جاری کی گئیں کیا وہ اصل تھیں اس بارے میں یقین سے تو کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا۔

آئی فون 5 کیسا ہوگا؟ یہ تو 12 ستمبر کو ہی معلوم ہوگا لیکن مختلف افواہوں کے مطابق اس بار ڈیزائن میں بڑی تبدیلیاں کی گئیں ہیں، اسکے ساتھ ساتھ سکرین سائز کو 3.5 انچ سے بڑھا کر 4 انچ کر دیا گیا ہےا ور اسکی ریزولیوشن میں بھی اضافہ متوقع ہے۔اسی طرح نئے فون میں 30 پن پورٹ کی جگہ 8 پن کنیکٹر متعارف کروایا گیا ہے۔ جسکا بڑا نقصان یہ ہے کہ شاید آپ پرانے آئی فون کی ایسیسریز نئے فون پر استعمال نہ کر سکیں۔

نیا آئی فون ایپل کے نئے آپریٹنگ سسٹم iOS 6 سے مزین ہوگا، گو کہ پرانے ماڈلز جیسے آئی فون 4 اور 4 ایس بھی iOS 6 چلانے کی اہلیت رکھتے ہیں لیکن بہت سے ایسے فیچرز ہیں جو صرف نئے آئی فون میں ہی دستیاب ہونگے۔

امید کی جارہی ہے کہ نئے آئی فون میں نصب A6 پراسیسر کواڈ کور ٹیکنالوجی پر مبنی ہوگا۔ جبکہ ہوسکتا ہے کہ یہ فون نئے کیمرے سے بھی مزین ہو، اس فون میں نصب سامنے کی جانب والے کیمرے کی جگہ تبدیل کر کے اسے اب درمیان میں کر دیا گیا ہے۔ اس فون میں مزید نیا کیا ہوگا؟ یہ سب کچھ جاننے کے لیے آپ کو کرنا ہوگا تھوڑا سا انتظار۔ آئی ٹی نامہ پر یقیناً نئے آئی فون کے بارے میں تمام خبریں شئیر کی جاتی رہیں گی۔

نئے آئی فون کے حوالے سے منظر عام پر آنے والی ایک ویڈیو ملاحظہ کیجئے، اب یہ جعلی یا اصلی اس کا فیصلہ آپ خود کیجئے :