زونگ نے پاکستان میں فور جی ایل ٹی ای سروسز کا آغاز کردیا

zong-4g

حال ہی میں منعقد ہونے والی تھری و فورجی لائسنس نیلامی میں، زونگ واحد ٹیلی کام کمپنی تھی جس نے فور جی لائسنس جیتا۔ تاہم وارد اپنے ٹیکنالوجی نیوٹرل لائسنس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جلد فور جی سروس شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے لیکن چونکہ زونگ نے لائسنس کے لیے 210 ملین ڈالر خرچے ہیں لہذا پہلے فور جی سروسز لانچ کرنے کے حق اسے ہی حاصل ہے۔

جیسا کہ ہم آپ کو پہلے ہی آگاہ کر چکے تھے، ہفتہ کے روز کراچی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب کے دوران زونگ نے ملک کے 7 بڑے شہروں میں اپنی فور جی ایل ٹی سروسز لانچ کرنے کا اعلان کیا۔ ان شہروں میں لاہور، کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، پشاور اور کوئٹہ شامل ہیں۔

اس موقع پر زونگ کے چیف ایگزیکٹیو آفسیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ کمپنی اگلے چار سال کے دوران پاکستان میں 1 بلین ڈالر کی سرمایہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، اور اس سال کے اختتام تک 4000 مزید سیل سائیٹس نصب کی جائیں گی۔ جسکی بدولت فور جی سروسز کو مزید شہروں تک وسعت دی جاسکے گی۔

fan-yunjun-zong-china-mobile
زونگ کی فور جی سمز، کسٹمر سروس سنٹرز پر دستیاب ہیں اور صارفین انہیں آن لائن آرڈر بھی کرسکتے ہیں۔ اگر آپ کے پاس پہلے سے زونگ کا نمبر موجود ہے تو آپ اسکے لیے فور جی سم بھی لے سکتے ہیں تاہم مجھ سے آن لائن سسٹم پر ایک دن گذر جانے کے باوجود ابھی کسی قسم کا رابطہ نہیں کیا گیا۔ یہاں یہ بات بھی ذہن میں رکھیے کہ فور جی سروس استعمال کرنے کے لیے آپ کے سمارٹ فون کا فور جی ہونا بھی بہت ضروری ہے۔

زونگ کی ویب سائیٹ پر ہواوے اور سام سنگ کے فون پری آرڈر بھی کیے جاسکتے ہیں اور جلد کمپنی اپنا فور جی فون بھی متعارف کروانے کا ارادہ رکھتی ہے جسکی مالیت کم و بیش 22 ہزار روپے ہوگی۔ فی الوقت مارکیٹ میں Galaxy Ace 3 سب سے کم قیمت فور جی فون ہے جو کم و بیش 19 ہزار روپے میں دستیاب ہے۔

زونگ 4G انٹرنیٹ بنڈل:
گو کہ زونگ صارفین فور جی نیٹورک پر تھری جی اور 2 جی کے انٹرنیٹ پیکجز بھی استعمال کرسکتے ہیں، تاہم کمپنی نے فور جی کے لیے زیادہ والیوم کے بنڈل بھی متعارف کروائے ہیں، جنکی تفصیل کچھ یوں ہے۔

  1. Premium 30GB: Rs. 3500
  2. Premium 20GB: Rs. 2500
  3. Premium 10GB: Rs. 1500
  4. Premium 4GB: Rs. 650
  5. Premium 2GB: Rs. 350

فور جی بنڈل حاصل کرنے کے لیے پری پیڈ صارفین کو #6464* ملانا ہوگا جبکہ پوسٹ پیڈ صارفین #7788* ڈائل کریں۔

ہائبرڈ بنڈل:
انٹرنیٹ بنڈلز کے ساتھ زونگ نے فور جی صارفین کے لیے ہائبرڈ بنڈل بھی متعارف کروائے ہیں جنکے ساتھ صارفین مفت آن نیٹ کالز، ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ کی سروسز سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ انکی تفصیل کچھ یوں ہے۔

  1. لامحدود آن نیٹ کالز، 500 ایس ایم ایس روزانہ، 2گیگا بائیٹ موبائل انٹرنیٹ (قیمت 599 روپے ماہانہ)
  2. لامحدود آن نیٹ کالز، 500 ایس ایم ایس روزانہ، 4گیگا بائیٹ موبائل انٹرنیٹ (قیمت 799 روپے ماہانہ)

یہ بنڈل حاصل کرنے کے لیے اپنے موبائل فون سے #6565٭ ملائیں۔

zong-4g-process
زونگ نے پہلے مرحلے میں 7 بڑے شہروں میں اپنی فور جی سروسز کا آغاز کیا ہے اور لاہور و اسلام آباد کے بیشتر علاقوں میں یہ سروس مہیا کردی گئی ہے۔ اگر آپ کوریج ایریا کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں تو یہ لنک دیکھیں۔

زونگ فور سروس کے بارے میں اپنی آراء کا اظہار کرنے کے لیے تبصرہ فارم کا استعمال کیجئے۔