دیر آید درست آید، وارد نے جلد فور جی سروس متعارف کروانے کا اعلان کر دیا

warid

بالآخر برسوں کے انتظار کے بعد پاکستان میں تھری و فور جی لائسنس کی نیلامی کا عمل گذشتہ ہفتے مکمل کر لیا گیا۔ اس نیلامی میں ملک کی پانچ ٹیلی کام کمپنیوں میں سے چار نے حصہ لیا  اور اب چند ماہ کے اندر یہ کمپنیاں کمرشل طور پر تھری و فور جی سروس کا آغاز کر دیں گی۔ جبکہ پاکستان کے بڑے شہروں میں تھری جی نیورک کی ٹیسٹنگ بھی جاری ہے۔

یہ بات تو کم و بیش تمام قارئین جانتے ہی ہونگے کہ وہ کمپنی وارد ٹیلی کام ہے جس نے اس نیلامی میں حصہ نہیں لیا۔ اسکی وجہ کیا تھی، اس بارے میں یقین سے کچھ کہنا تو مشکل ہے تاہم واردکے اس فیصلے سے صارفین بہت ناراض ہوئے۔

وارد کی جانب سے نیلامی میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد مختلف حلقوں سے یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ شاید کمپنی نے اس نیلامی میں اس وجہ سے حصہ نہیں لیا کہ وارد کے پاس پہلے ہی مطلوبہ سپیکٹرم دستیاب ہے۔ جی ہاں وارد کو 2004 میں ملنے والا لائسنس اسے اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ وہ 1800MHz فریکیونسی بینڈ پر چاہے تو فور جی سروس شروع کرسکتا ہے۔ تاہم اس کے لیے پی ٹی اے سے اجازت درکار ہوگی۔

آج وارد ٹیلی کام نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ کمپنی کے معاملات پی ٹی اے سے طے پا گئے ہیں ۔  وارد ٹیلی کام کی ویب سائیٹ اور اخبارات میں دیے گئے اشتہارات کے مطابق کمپنی جلدہی ملک میں فور جی سروس کا آغاز کردے گی۔ اسی حوالے سے گذشتہ ہفتے کے دوران وارد صارفین کو ایس ایم ایس بھی ارسال کیے جارہے تھے کہ جلد ہی کمپنی تیز رفتار ڈیٹا ٹیکنالوجی متعارف کرواسکتی ہے اور آج باضابطہ طور پر اسکا اعلان کر دیا گیا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہوگی کہ حالیہ نیلامی میں صرف زونگ نے فورجی لائسنس خریدا ہے اور کمپنی ذراع کے مطابق فور جی سروس لانچ کرنے میں ابھی کم از کم 6 ماہ کا عرصہ درکار ہوگا۔ اگر وارد ٹیلی کام اسی ماہ کے اندر اپنی فور جی سروس کا اعلان کر دیتی ہے تو وہ یقیناً سب سے بازی لے جائے گی۔

ناراض وارد صارفین کے لیے، یقینی طور پر یہ بہت خوشی کی خبر ہے۔ اب انہیں اپنا نیٹورک تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ وارد ہی انہیں تیز رفتار موبائل انٹرنیٹ فراہم کرے گی۔ مگر یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ فور جی سروس استعمال کرنے کے لیے آپ کے پاس 4G ٹیکنالوجی سے مزین سمارٹ فون ہونا چاہیے۔ یعنی آپ کو موجودہ فون اس سروس کے لیے ناکارہ ہے اور کم از کم 30 ہزار روپے میں آپ ایک اچھا فور جی فون خرید سکیں گے۔ دوسرا یہ کہ فورجی سروس کے ماہانہ چارجز بھی بہت زیادہ ہونگے۔ فرض کیجئے کہ آپ کو 10گیگا بائیٹ ڈیٹا ماہانہ 2000 روپے میں فراہم کیا جاتا ہے تو یہ سستا ہے یا مہنگا؟