ایپل نے دو نئے آئی فون : 5 ایس اور 5 سی متعارف کروا دیے

ایپل کی جانب سے گذشتہ روز کوپرٹینو کیلیفورنیا میں واقع کمپنی ہیڈکوارٹرز میں ایک خاص تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ حسب توقع اس تقریب میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر ٹم کک نے آئی فون کے دو نئے ماڈل 5 ایس اور 5 سی متعارف کروائے۔
iphone-5s-and-5c
ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ ایپل کی جانب سے ایک تقریب میں دو نئے آئی فون متعارف کروائے گئے ہیں اور دونوں فونز ایپل کے نئے موبائل آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 7 سے مزین ہیں، آئیے ان نئے فونز کا مختصر جائزہ لیتے ہیں۔

آئی فون 5 ایس:
ایپل کے مطابق یہ نیا فون کمپنی کا سب سے بہترین فون ہے، گو کہ یہ دیکھنے میں بالکل پرانے آئی فون 5 جیسا ہی ہے لیکن اب کی بار اس میں بہتر پراسیسر، اچھا کیمرہ اور سب سے خاص فیچر ’فنگر پرنٹ سکینر‘ شامل کیا گیا ہے۔

iphone5c-goldsilvergrey

اس نئے فون میں Apple A7 چپ کا استعمال کیا گیا ہے جو پہلے کی نسبت دوگنا تیز ہے۔ اسی طرح اس میں M7 نامی ایک پرزہ شامل کیا گیا ہے جو صحت سے متعلق ایپلی کیشنز کو آپکی حرکات و سکنات کا ڈیٹا فراہم کرتا ہے۔

fitness
آج کل سمارٹ فونز میں کیمرہ فیچر پر خاص توجہ دی جاتی ہے، گو کہ اس نئے فون میں ایک بار پھر 8 میگا پکزل کیمرہ ہی استعمال کیا گیا ہے مگر اس بار فون 5-element لینز اور 15 فیصد بڑے سنسر سے مزین ہے، جسکی بدولت تصاویر پہلے سے زیادہ دلکش ہونگی۔ فون میں دو ایل ای ڈی لائٹس نصب ہیں اور بڑے سنسر کی بدولت اب کم روشنی میں بھی اچھی تصاویر اتاری جاسکیں گی۔ ایپل کی جانب سے آئی فون 5 ایس میں نیا کیمرہ اور ویڈیو سافٹوئیر شامل کیا گیا ہے جو سلو موشن ویڈیوز بنانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

5s camera

آئی فون 5 ایس کا سب سے خاص فیچر فنگر پرنٹ سکینر ہے۔ ہوم بٹن میں نصب یہ سکینر آپ کی انگلیوں کے نشانات کو استعمال کرتے ہوئے مکمل سیکیورٹی فراہم کرتا ہے۔ اس سکینر کی مدد سے آپ کو نہ تو اب کسی قسم کا پن کوڈ استعمال کرنے کی ضرورت اور نہ پیٹرن لاک، اسی طرح یہ سکینر ایپل کی مختلف سروسز استعمال کرنے کے لیے بھی آپ کو صرف انگلی کے اشارے پر لاگ ہونے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

sensor

اس سکینر کی خاص بات یہ ہے کہ آپ اس میں ایک زائد انگلیوں کے نشان محفوظ کر سکتے ہیں، لہذا اگر گھر میں ایک سے زائد افراد فون استعمال کرتے ہیں تو الگ الگ اپنی انگلیوں کے نشان اس میں محفوظ کر سکتے ہیں۔

آئی فون 5 ایس، اس بار تین — کالے، سفید اور گولڈن رنگوں میں دستیاب ہے۔ اس فون کی قیمت امریکہ میں دوسالہ کانٹریکٹ پر $199 متعین کی گئی ہے۔ میرے اندازے کے مطابق اسکے 16GB ورژن کی قیمت پاکستانی کرنسی میں کم و بیش 80 ہزار روپے ہوگی۔

آئی فون 5 سی:

ایپل کی جانب سے اس بار سستے اینڈرائیڈ فونز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے آئی فون کا ایک کم قیمت ورژن پیش کیا گیا ہے، تاہم یہ فون پھر بھی بہت مہنگا ہے۔ پولی کاربونیٹ پلاسٹک کے ایک ٹکڑے سے بنا یہ فون نوکیا لومیا سمارٹ فونز کی طرح 5 مختلف شوخ رنگوں میں دستیاب ہے۔

5c
آئی فون 5 سی میں آئی فون 5 کا ہارڈوئیر استعمال کیا گیا ہے، اسکی سکرین بھی 4 انچ لمبی ہے اور اس میں A6 چپ اور 1GB ریم کا استعمال کیا گیا ہے۔
iphone-5c
ایپل نے اس کم قیمت فون کے لیے مختلف کور کیس بھی متعارف کروائے ہیں جنکی قیمت 29 امریکی ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔

cases

آئی فون کا یہ کم قیمت ورژن 99 امریکی ڈالر میں 2 سالہ کانٹریکٹ پر دستیاب ہے۔ اس فون کی قیمت پاکستانی کرنسی میں کم و بیش 60 ہزار روپے ہوگی۔

آپ کو یہ نئے آئی فون کیسے لگے اور کیا آپکے خیال میں کم قیمت آئی فون متعارف کروا کر ایپل سمارٹ فون انڈسٹری میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر پائے گی؟ تبصرہ ضرور کیجئے گا۔