ڈیجیٹل کرنسی کی سروسز فراہم کرنے والی کوسٹا ریکا کی کمپنی Liberty Reserve کو جمعرات کے روز قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بند کر دیا اور اسکے مالک کو منی لانڈرنگ کے الزام میں سپین سے گرفتار کر لیا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق کوسٹا ریکا کا شہری آرتھر بڈوسکی Liberty Reserve کے کاروبار کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کرتا تھا۔ جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کاروائی کرتے ہوئے کمپیوٹر سرورز کو قبضہ میں لے لیا اور اسکے دفاتر کی تالہ بندی کر دی۔
دیگر ڈیجیٹل کرنسی سروسز جیسے PayPal کے مقابلے میں Liberty Reserve کا اکاؤنٹ بنانے کے لیے آپ کو نہ تو رجسٹرڈ پتہ کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی کسی کریڈٹ کارڈ کی۔ کوئی بھی شخص اپنا نام ، تاریخ پیدائش اور ای میل پتہ درج کرکے اکاؤنٹ کھول سکتا ہے اور اس اکاؤنٹ کو کریڈٹ کارڈ، منی آرڈر یا بینک ٹرانسفر کے ذریعے چارج بھی کیا جاسکتا ہے۔
گو کہ بہت سے صارفین اس سروس کو جائز کاموں جیسے دوستوں کو پیسے بھیجنے یا فری لانسرز کے کام کی قیمت چکانے کے لیے استعمال کرتے تھے وہیں سائبر جرائم میں ملوث افراد کی ایک بڑی تعداد بھی اس سروس کو رقوم کی منتقلی کے لیے استعمال کرتی تھی۔
سروس بند ہوجانے سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں پاکستانی فری لانسرز کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے، جنہوں نے اپنے اکاؤنٹ سے پیسے نہیں نکلوائے تھے۔ صارفین کمپنی بند ہوجانے سے بہت پریشان ہیں اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ انہیں رقوم کی واپسی کا طریقہ کار بتایا جائے۔
اگر آپ کا بھی Liberty Reserve پر اکاؤنٹ تھا اور آپکی رقم بھی پھنسی ہوئی ہے تو بذریعہ کمنٹ ہمیں آگاہ ضرور کیجئے گا۔