سام سنگ نے گلیکسی ایس 4 متعارف کروا دیا

لیجئے جناب افواہوں کی بھر مار اور انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں اور بالآخر سام سنگ کی جانب سے آج نیویارک میں منعقد ایک تقریب میں گلیکسی ایس 4 متعارف کروا دیا گیا۔

galaxy-s-4-pakistan

پہلی نظر میں فون بالکل گلیکسی ایس 3 کی طرح ہی لگتا ہے۔ مداحوں کو اس بات سے کافی تکلیف پہنچی ہوگی مگر سام سنگ کی جانب سے پرانے ڈیزائن کو برقرار رکھنے کا ہی فیصلہ کیا گیا۔ مگر اب کی بار اچھے میٹریل کا استعمال کیا گیاہے گو کہ فون میں ابھی بھی زیادہ تر پلاسٹک کا ہی استعمال ہے۔

نئے فون کی سکرین 5 انچ ہے اور اسکی پکزل ڈینسٹی 441ppi ہے۔ نئے فون میں 1.6 گیگا ہرٹز اوکٹا کور پراسیسر کا استعمال کیا گیا ہے اور اسکی ریم 2GB ہے۔ فون 16، 32 اور 64 جی بی میموری کے ورژنز میں دستیاب ہوگا جبکہ اس میں میموری کارڈ بھی استعمال کیا جاسکتاہے۔ اس فون میں پشت پر 13 میگا پکزل اور سامنے کی جانب 2 میگا پکزل کیمرہ نصب ہے۔فون میں 2600 mAh کی بیٹری نصب ہے۔

galaxy-s4

گلیکسی ایس 4 میں اینڈرائیڈ کا جدید ترین ورژن جیلی بین 4.2.2 استعمال کیا گیاہے مگر سام سنگ کی جانب سے حسب روایت فون میں TouchWiz انٹرفیس کا استعمال کیا گیاہے جو کہ اب بہت سے نئے فیچرز فراہم کرتا ہے۔ گلیکسی نوٹ 2 کے مشہور فیچر Air view کو اب اس نئے فون میں بھی شامل کی گیا ہے جسکی بدولت آپ سکرین کو چھوئے بغیر صرف اشاروں سے ہی فون استعمال کرسکتے ہیں، اور اسکے لیے آپ کو کسی پن کی ضرورت بھی نہیں۔ اسی طرح فون کو دستانے پہن کر بھی باآسانی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اسی طرح فون میں مختلف سنسرز کا استعمال کیا گیا ہے جو آپ کی حرکات و سکنات کے حوالے سے فون کے فیچرز کو آن یا آف کرتے ہیں، جبکہ S Health ایپلی کیشن ان سنسرز کا استعمال کرتے ہوئے آپکی صحت کا خیال بھی رکھتی ہے۔ فون میں فوری ٹرانسلیشن کا فیچر بھی شامل کیا گیاہے جو آپ کے ٹائپ کرنے کے ساتھ ساتھ دوسری زبان میں ترجمہ کرتا جاتا ہے۔

galaxy-s-4-price-pakistan

گلیکسی ایس 4 میں نصب دونوں کیمروں کو نہ صرف بیک وقت تصاویر اتارنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے بلکہ ان سے ایک ہی وقت میں ویڈیو بھی بنائی جاسکتی ہے۔ سامنے کی جانب نصب کیمرے سے بنائی گئی ویڈیو اصل ویڈیو کے ساتھ چھوٹی سکرین پر نظر آئے گی۔ آپ اس ویڈیو پر بعد میں آواز کی ڈبنگ بھی کرسکتے ہیں۔

s4

نیا فون فور جی ایل ٹی ای، وائی فائی، بلیوٹوتھ اور انفراریڈ بلاسٹر جیسی جدید خصوصیات سے مزین ہے۔ سام سنگ کی جانب سے فون کے لیے کورز اور دیگر اسیسریز بھی متعارف کروائی گئی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ یہ فون اپریل کے اختتام تک پاکستان میں بھی دستیاب ہوگا اور اسکی قیمت کم و بیش 70 ہزار روپے مقرر کی جائے گی۔

s4-inside

سام سنگ کی جانب سے گلیکسی ایس 4 کے تشہیری مہم میں اسے ’زندگی کے ساتھی‘ کا خطاب دیا گیا ہے لیکن جب اب اگلے سال سام سنگ نیا فون متعارف کروائے گا تو یہ زندگی کا ساتھی تو ساتھ چھوڑ جائے گا؟ سام سنگ کی جانب سے اس بار ایپل کی پالیسی کو ہی اپنایا گیا ہے اور پرانی پراڈکٹ میں ہی تبدیلیاں کرکے اسے فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ سام سنگ کے مداح اس امر کو سراہتے ہیں یا نہیں۔