ہیکرز کی جانب سے انٹرنیٹ پر اسرائیل کا نام و نشان مٹانے کی دھمکی

مختلف اطلاعات کے مطابق مشہور زمانہ ہیکرز گروپ Anonymous اور دیگر ہیکرتنظیموں کی جانب سے 7 اپریل 2013 کو اسرائیل کے خلاف ایک بڑے سائبر حملے کی تیاری کی جارہی ہے۔ ہیکر تنظیموں نے دھمکی دی ہے کہ وہ انٹرنیٹ پر اسرائیل کے وجود کو مٹا دیں گے۔
opisrael.si
آپریشن اسرائیل #OpIsreal نامی یہ مہم ایک ہیکر Anon Ghost نے شروع کی اور بعد ازاں دیگر ہیکرز بھی اس میں شامل ہوگئے۔ اس حوالے سے ہیکرز نے اس ماہ بہت سی اسرائیلی ویب سائیٹس پر حملے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ چند روز قبل اسرائیلی حکومت کے 5000 ملازمین کے ذاتی کوائف کو انٹرنیٹ پر لیک کر دیا گیا۔ Anonymous کی جانب سے ٹوئٹر پر دنیا بھر کے ہیکرز کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ اس آپریشن میں حصہ لیں اور 7 اپریل کو ایک بڑا حملہ کریں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل غزہ پر حالیہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں بھی پاکستان سمیت دنیا بھر کے ہیکرز نے اپنی توپوں کے رخ اسرائیل کی جانب موڑ لیے تھے۔

روسی ٹیلی ویژن رشیا ٹوڈے سے گفتگو کرتے ہوئے اسرائیلی سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی اسرائیلی کی سرکاری اور نجی ویب سائیٹس پر حملے کیے جاتے رہے ہیں، مگر اس بار صورت حال کافی سنگین ہے۔ ہیکرز ایک طے شدہ حکمت عملی کے مطابق کام کررہے ہیں۔تاہم حکومت کی جانب سے ان حملوں کو روکنے کی بھر پور تیاری کر لی گئی ہے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا Anonymous اور دیگر ہیکرز گروپ 7 اپریل کو اپنے مشن میں کامیاب ہوسکیں گے یا نہیں؟