کمپیوٹر ہیکرز کون ہیں اور انکے مقاصد کیا ہوتے ہیں، ایک مختصر جائزہ

آپ میں سے بہت سے دوست کمپیوٹر ہیکرز کے بارے میں تو جانتے ہی ہونگے۔ ہیکرز اصل میں کمپیوٹر پروگرامنگ کے ماہر ہوتے ہیں اور وہ کسی بھی سسٹم یا نیٹورک کی سیکیورٹی میں موجود خامی ڈھونڈ کراسکا فائدہ اٹھاتے ہیں۔

hackers
تاہم سب ہیکرز ایک سے نہیں ہوتے۔ عام طور پر دنیا بھر میں ہیکرز کو انکے تجربے اور مقاصد کی بنیاد پر 4 بڑے گروپوں میں تقسیم کیا جاتا ہے:

  1. وائیٹ ہیٹ
  2. بلیک ہیٹ
  3. گرے ہیٹ
  4. سکرپٹ کڈی

وائیٹ ہیٹ: جیسا کہ نام سے ظاہر سے ہے کہ ہیکرز کی یہ قسم کافی شریف ہوتی ہے۔ گو کہ یہ بھی کمپیوٹر جینیئس ہوتے ہیں اور کسی بھی سسٹم کی تمام خرابیوں کو فوری پکڑ لیتے ہیں تاہم انکا مقصد ان خامیوں کی اصلاح ہوتا ہے۔ ان ہیکرز کے کام کو عام طور پر Ethical Hacking بھی کہا جاتا ہے۔ دنیا بھر کی بڑی بڑی کمپیناں ایسے لوگوں کو معاوضہ ادا کرتی ہیں جو انکے سسٹم میں موجود خامیوں سے آگاہ کریں۔ ان ہیکرز کی تربیت کے لیے الیکٹرانک کامرس کونسل کی جانب سے مختلف کورسز اور آن لائن ٹریننگ بھی فراہم کی جاتی ہے۔

Three-Hats
بلیک ہیٹ: یہ کالے چور دنیا بھر میں کمپیوٹر سسٹمز کو اپنے ذاتی مفاد کے لیے ہیک کرتے ہیں۔ انکا مقصد یا تو کسی کو نقصان پہنچانا ہوتا ہے یا پھر انکا ڈیٹا چوری کرکے اس سے پیسے کمانا۔ بلیک ہیٹ ہیکرز بعض اوقات دنیا بھر میں دیگر تجربہ کار ہیکرز کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر اپنی سرگرمیاں کرتے ہیں۔ اسی طرح یہ ہیکرز ویب سائیٹس، کریڈٹ کارڈ وغیرہ کی معلومات بھی چوری کرتے ہیں۔ دنیا کے کم و بیش تمام ممالک میں بلیک ہیٹ ہیکرز کو ناپسند کیا جاتا ہے اور قانون میں انکے لیے سزائیں بھی مقرر کی گئی ہیں۔

گرے ہیٹ: یہ ہیکرز دوہری چال چلتے ہیں، بعض اوقات وائیٹ ہیٹ ہیکرز کے ساتھ ہو لیتے ہیں تو کبھی کبھی جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ مل جاتے ہیں۔ یہ لوگ کسی بھی سسٹم کی خرابی جان کر اسے دیگر ہیکرز کے بھی بتا دیتے ہیں اور پھر اس کمپنی کو بھی مطلع کر دیتے ہیں اوردونوں طرف سے پیسے بٹور لیتے ہیں۔

سکرپٹ کڈی: جیسا کہ نام سے ظاہر ہے یہ لوگ ہیکنگ کے بارے میں تھوڑی بہت ہی معلومات رکھتے ہیں، یعنی یہ ہیکنگ کی دنیا میں ابھی بچے ہیں۔ اکثر یہ بنے بنائے سافٹوئیر کے ذریعے ویب سائیٹس یا کمپیوٹر ہیک کرتے ہیں۔ جیسا کہ اکثر یہ لوگ ویب سائیٹ میں چھوٹی سے خامی کا فائدہ اٹھا کر اسکا پہلا صفحہ تبدیل کر دیتے ہیں تاہم ڈیٹا تک انہیں رسائی نہیں مل پاتی۔
hacking-kiddie
ان تمام ہیکر گروپس کے علاوہ آج کل ایک نئی اصطلاح Hacktivist سامنے آئی ہے۔ ہیکرز کا یہ گروپ کسی سیاسی، مذھبی یا نظریاتی پیغام کی ترویج کے لیے مشہور ویب سائیٹ کو ہیک کرکے وہاں اپنا پیغام چھوڑتے ہیں۔ ہیکرز کی بڑی تنظیمیں جیسے Anonymous اور Syrian Electronic Army جو آج کل کافی سرگرم ہیں اور دنیا بھر کے بڑے اخبارات، جرائد اور ٹی وی چینلز کے فیس بک، ٹوئٹر اکاؤنٹس اور ویب سائیٹ ہیک کرتی ہیں انکا مقصد اپنے آواز کو بلند کرنا ہے۔ یہ لوگ ویب سائیٹ کے ڈیٹا تک رسائی تو حاصل کرلیتے ہیں تاہم یہ اسکا غلط استعمال نہیں کرتے۔