گوگل کی نئی کروم بک : صرف 199 امریکی ڈالر میں

گوگل کی جانب سے سستے گیجٹس متعارف کروانے کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے حال ہی میں 199 امریکی ڈالر کی نئی کروم بک متعارف کروائی گئی ہے۔
جو دوست کروم بک کے بارے میں نہیں جانتے انہیں بتاتے چلیں کہ کروم بک دراصل گوگل کے کروم آپریٹنگ سسٹم سے مزین لیپ ٹاپ ہیں جو کہ کم قیمت ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی تیز رفتاری کی وجہ سے کافی مشہور ہیں۔ کروم آپریٹنگ سسٹم ، ونڈوز سے اس طرح مختلف ہے کہ اسکی زیادہ تر فائلز اور ایپلی کیشنز انٹرنیٹ پر سٹور ہوتی ہیں اور آپ انہیں کسی بھی کروم بک میں کھول سکتے ہیں۔

گوگل کی جانب سے یہ لیپ ٹاپ بنانے کے لیے دو کمپنیوں سام سنگ اور ایسر کا انتخاب کیا گیا ہے۔ نئی کروم بک C7 جسے ایسر نے تیار کیا اسکی سکرین 11.6 انچ ہے اور اس میں ڈول کور انٹل سیلرون پراسیسر کا استعمال کیا گیاہے۔ کروم  بک میں 320GB ہارڈ ڈسک نصب ہے اور اسکے ساتھ 100GB گوگل ڈرائیو سپیس مفت فراہم کی جارہی ہے۔

ہائی ڈیفینیشن کیمرے ، وائی فائی، بلیوٹوتھ اور یوایس بی 3.0 جیسی خصوصیات سے مزین یہ کروم بک کم و بیش 4 گھنٹے بیٹری لائف فراہم کرتی ہے۔گوگل کے مطابق یہ کروم بک صرف 18 سیکنڈ میں بوٹ ہوجاتی ہے اور آپ اس پر باآسانی 1080p ویڈیوز چلا سکتے ہیں۔

گوگل کروم بک

فی الوقت گوگل کی یہ نئی کروم بک صرف امریکہ اور برطانیہ میں دستیاب ہے لیکن جلد ہی اسے دنیا کے دیگر ممالک میں بھی فروخت کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔ تاہم گوگل کی پالیسی کے مطابق اسے پاکستان یا تیسری دنیا کے دیگر ممالک میں فروخت نہیں کیا جائے گا۔ گوگل اور دیگر بڑی کمپنیوں کو چاہیے کہ وہ ایسی کم قیمت مصنوعات کو ترقی پذیر ممالک میں بھی فروخت کریں جہاں صارفین نت نئی ٹیکنالوجی حاصل تو کرنا چاہتے ہیں مگر انکے قوت خرید بہت کم ہے، آپ کی اس بارے میں کیا رائے ہے؟ تبصرہ ضرور کیجئے گا۔