ہٹ مین سیریز کی نئی گیم Absolution کا ایک مختصر ری ویو

اگر آپ ویڈیو گیمز کھیلنے کے شوقین ہیں اور آپ نے ہٹ مین سیریز کی کوئی گیم نہیں کھیلی تو یقیناً آپ نے ایک بہت اچھی گیم مس کی ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ ری ویو پڑھنے کے بعد آپ ضرور یہ گیم سیریز کھیلیں گے۔

ہٹ مین کی کہانی دراصل کلوننگ سے تیار کیے گئے ایک قاتل، ایجنٹ 47 کے گرد گھومتی ہے جو کہ ایک خفیہ ایجنسی کے لیے کام کرتا ہے۔اس قاتل کی ٹریننگ انتہائی مہارت سے کی گئی  ہے، اور اسے اعلی اخلاق و اطوار سکھائے گئے ۔  ایجنٹ 47 پستول، رائفل ، چاقو اور تار کے ذریعے گلا گھونٹے اور دیگر بہت سے آلات کے استعمال میں مہارت رکھتا ہے۔اسی طرح اسے مختلف روپ دھارنے  اور کسی بھی ماحول میں گھل مل جانے میں کوئی دشواری نہیں ہوتی۔ عام طور پر ایجنٹ 47 کو ایجنسی کے لیے کام کرنے والی ایک اور ایجنٹ ڈیانا کی جانب سے مختلف مشن فراہم کیے جاتے ہیں جو ایجنٹ 47 کی واحد دوست ہونے کے ساتھ ساتھ اسکی محسن بھی ہے۔

Hitman: Absolution جو اس سیریز کی پانچویں گیم ہے اسکے آغاز پر ڈیانا ایجنسی کے خلاف کام کرنا شروع کر دیتی ہے اور ایک نوجوان لڑکی وکٹوریا کو اپنے ساتھ لے جاتی ہے جس پر ایجنسی مختلف تجربات کررہی تھی۔ ڈیانا کی اس حرکت سے ادارے کو کافی نقصان پہنچتا ہے۔ ایجنسی کا نیا سربراہ بنجمن ٹریوس ایجنٹ 47 کو ڈیانا کو قتل کرنے کا مشن دیتا ہے۔
ایجنٹ 47 ڈیانا کے سیکیورٹی ٹیم کاحصار توڑتے ہوئے اسے قتل کردیتا ہے لیکن ڈیانا مرتے ہوئے اسے ایک خط دیتی ہے جس میں وہ اس سے درخواست کرتی ہے کہ وہ اس لڑکی وکٹوریا کی حفاظت کرے کیونکہ ایجنسی اسے بھی ایجنٹ 47 کی طرح ایک قاتل بنانا چاہتی ہے۔ ایجنٹ 47 وکٹوریا کو ایجنسی کے حوالے کرنے کی بجائے چھپا دیتا ہے جس پر ایجنسی اسکے خلاف ہوجاتی ہے ، گیم کی کہانی مختلف موڑ لیتی ہے اور اس لڑکی وکٹوریہ کو اغوا کرلیا جاتا ہے لیکن گیم کے اختتام پر ایجنٹ 47 نہ صرف لڑکی کو بازیاب کروا لیتا ہے بلکہ ایجنسی کے نئے سربراہ بنجمن ٹریوس کو بھی قتل کردیتا ہے۔ ایجنٹ 47 لڑکی کو بحفاظت ڈیانا کے پاس پہنچا دیتا ہے جو کہ اصل میں زندہ ہوتی ہے اورایجنسی کی نئی سربراہ کی حیثیت سے ایجنٹ 47 کو دوبارہ خوش آمدید کہتی ہے۔

ہٹ مین سیریز کی یہ نئی گیم کہانی اور گیم پلے کے اعتبار سے پچھلی تمام گیمز سے کافی مختلف ہے۔ اس گیم میں ایجنٹ 47 کا کردار اصل دنیا سے زیادہ مطابقت رکھتا ہے۔ گیم میں Instinct کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کروایا گیا ہے جسکے ذریعے ایجنٹ 47 لباس بدل کر اور اپنے منہ کو تھوڑا سا چھپا کر پولیس یا دشمن فورس کو چکما دیتا ہے لیکن اگر وہ انکے بہت قریب جائے تو وہ اسے پہچان بھی سکتے ہیں جس پر یا تو اسے قتل کر دیا جائے گا یا پھر وہ جھوٹ موٹ ہاتھ اٹھا دیتا ہے اور دشمن کے قریب آنے پر اسے دبوچ لیتا ہے۔

اپنی ٹریننگ کے باعث ایجنٹ 47 دشمن کی حرکات کے بارے میں پہلے سے ہی جان لیتا ہے یہ فیچر ایک اور مشہور گیم Assassins Creed سے مستعار لیا گیا ہے۔ اسی طرح یہ گیم بڑی حد تک Splinter Cell سے بھی مشابہت رکھتی ہے جس میں آپ ایک وقت میں کئی دشمنوں کو مارک کرکے ایک ساتھ قتل کرسکتے ہیں یا پھر دشمن کی آپ پر نگاہ پڑنے پر آپ کو خبردار کیا جاتا ہے۔ ہٹ مین کی اس نئی گیم میں کسی بھی مشن میں ٹارگٹ کو قتل کرنے کے لیے آپ کو بہت سی آپشنز فراہم کی جاتی ہیں، جیسے آپ تمام دشمنوں کو قتل کر سکتے ہیں یا کوئی بہروپ دھار کر صرف اصل ہدف کو ہی ختم کریں، اسکے علاوہ آپ اپنے دشمن کی موت کو قدرتی حادثے کا رنگ بھی دے سکتے ہیں۔ اصل ہٹ مین وہی قرار پاتا ہے جو سب لوگوں کی نظروں سے اوجھل رہے اور ایک بھوت کی طرح خاموشی سے صرف اصل ٹارگٹ کو ہی قتل کرے۔

Hitman: Absolution میں آپ کہانی کو فالو کرنے کے علاوہ Contracts موڈ میں بھی گیم کھیل سکتے ہیں جس میں آپ خود مشن تیار کرکے اپنے دوستوں سے مقابلہ کرسکتے ہیں۔اس فیچر کے لیے آپ کے پاس انٹرنیٹ کی سہولت ہونا لازمی ہے۔

ہٹ مین سیریز کی اس نئی گیم کے اعلان کے وقت کمپنی نے یہ بتایا کہ اب کی بار ایجنٹ 47 کی آواز ساوتھ افریقی ڈیوڈ بیٹسن کی بجائے کسی اور اداکار کی ہوگی۔ کمپنی کے اس اعلان کے بعد ہٹ مین سیریز کے مداحوں نے اس اقدام کی پرزور مخالفت کی اور مطالبہ کیا کہ پہلی چار گیمز میں ایجنٹ 47 کا کردار ادا کرنے والے ڈیوڈ بیٹسن کو واپس لایا جائے جس پر انتظامیہ کو ہار ماننا پڑی اور ڈیوڈ بیٹسن کو واپس ایجنٹ 47 کا کردار دے دیا گیا۔ یہاں یہ بات انتہائی دلچسپ ہے کہ ایجنٹ 47 کا خاکہ دراصل ڈیوڈ بیٹسن کی شکل و صورت کو دیکھ کر ہی بنایا گیا ہے۔ ہٹ مین پر بنائی گئی فلم کی ناکامی کی اصل وجہ بھی یہی تھی کہ اس میں ڈیوڈ بیٹسن کو 47 کا کردار نہیں دیاگیا۔

مختلف رسائل اور ویب سائیٹس کی جانب سے اس گیم کو خوب سراہا گیا ہے اور اسے ہٹ مین سیریز کی سب سے بہترین گیم قرار دیا گیا ہے، وہیں دوسری جانب چند ویب سائیٹس اور فورمز پر اس گیم کو ناپسند بھی کیا گیا ہے اور اس پر دوسری گیمز کے فیچرز چوری کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔

گیم کی ریلیز سے قبل کمپنی کی جانب سے Hitman: Sniper Challenge کے نام سے ایک مقابلہ کا انعقاد کیا گیا جس میں پلئیرز کی نشانہ بازی کی صلاحیتوں کا امتحان لیا گیا۔ Hitman: Absolution کو 20 نومبر 2012 کو ونڈوز ، پلے سٹیشن 3، ایکس باکس 360 اور کلاؤڈ پر پیش کیا گیا۔
آپ اس گیم کو Steam پر خرید سکتے ہیں (یہ گیم ٹورنٹس کے ذریعے بھی ڈاؤنلوڈ کی جاسکتی ہے لیکن ایسا کرنا غیر قانونی ہوگا۔)

اس بارے میں آپکا کیا خیال ہے ، گیم کھیل کر ہمیں ضرور بتائیے گا۔ لیکن یہ بات یاد رکھیں کہ گیم صرف 18 سال یا زائد عمر کے افراد کے لیے موزوں ہے۔ گیم کا ٹریلر ملاحظہ کیجئے۔