ایپل کا “نیا آئی پیڈ” : ایک مختصر جائزہ

گذشتہ روز سان فرانسسکو میں منعقد ہونے والی ایپل کی ایک تقریب میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ٹم کک نے ایپل کے مشہور ٹیبلیٹ کمپیوٹر آئی پیڈ کا نیا ورژن متعارف کروایا۔ گو کہ اس سے قبل آئی پیڈ کو نمبر کے حوالے سے جانا جاتا تھا جیسے آئی پیڈ ، آئی پیڈ 2 ۔ لیکن اس بار کمپنی نے آئی پیڈ 3 کی بجائے اسے “نیا آئی پیڈ” کا نام دیا۔

اس نئے آئی پیڈ میں جہاں بہت سے چیزیں نئی ہیں وہیں بہت سی پرانی بھی ہیں۔  لیکن ایپل کی جانب سےاپنی ہر نئی پراڈکٹ کو اس انداز سے متعارف کروایا جاتا ہے کہ ایپل کے مداح اس بات پر مجبور ہوجاتے ہیں کہ وہ اسے ضرور خریدیں۔ ہم یہاں پر نئی چیزوں کا ایک مختصر جائزہ لیتے ہیں:

ریٹینا ڈسپلے:
سب سے پہلے تو یہ جاننا ہوگا کہ ریٹینا ڈسپلے کیا ہوتا ہے؟ ایپل کی مطابق   ریٹینا ڈسپلے ایک بہت اچھی کوالٹی کی سکرین کو کہا جاتا ہے جسکی ریزولیوشن 326   پکزل فی انچ ہوتی ہے۔ یہ سکرین آئی فون 4 اور آئی فون 4S میں استعمال کی گئ ہے۔ نئے آئی پیڈ میں یہ ریزولیوشن 264 پکزل فی انچ ہے۔ اسکی ایک وجہ یہ ہے کہ فون کے مقابلے میں آئی پیڈ کو آنکھوں سے تھوڑا دور رکھ کر استعمال کیا جاتا ہے۔ 3.1 ملین پکزلز کے بدولت اب آئی پیڈ کی سکرین ہائی ڈیفینیشن ٹی وی سے بھی زیادہ بہتر ہوگئ ہے۔

سکرین سائز:
نئے آئی پیڈ میں سکرین سائز کو تبدیل نہیں کیا گیا اور اسے 9.7 انچ ہی رکھا گیا ہے۔ جبکہ سکرین ریزولیوشن ریٹینا ڈسپلے کی بدولت 768×1024 سے بڑھ کر 1536×2048 ہوگئی ہے۔ زیادہ سکرین ریزولیوشن کی بدولت اب سکرین صاف اور اس پر تصاویر اور دیگر فائلز مزید بہتر  اور رنگوں سے بھر پورنظر آئیں گی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایپل کے نئے آئی پیڈ کے ریزولیوشن مارکیٹ میں موجود تمام ٹیبلیٹ کمپیوٹرز سے زیادہ ہے۔

کیمرہ:
نئے آئی پیڈ میں سامنے کی جانب نصب کیمرہ میں تو کوئی تبدیلی نہیں کی گئ ، لیکن پشت پر نصب کیمرہ کو 0.7میگا پکزل سے بڑھا کر 5 میگا پکزل کر دیا گیا ہے۔ گو کہ اگر نوکیا کی جانب سے حال ہی میں متعارف کروائے گئے 41 میگا پکزل کیمرہ فون کو دیکھا جائے تو 5 میگا پکزل کچھ بھی نہیں لیکن نئے آئی پیڈ کی اچھی سکرین کی بدولت تصاویر یقیناً جاذب نظر بن جائیں گی۔
اس کیمرہ میں 5-elements لینز اور Back-side Illumination ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے جسکی بدولت کم روشنی میں اچھی تصاویر لی جاسکیں گی۔ یہ کیمرہ ہائی ڈیفینیشن ویڈیوز بنانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

پراسیسر اور گرافکس:
نئے آئی پیڈ میں ایپل کی A5X چپ کا استعمال کیا گیا ہے۔ جو ایک ڈؤل کور سسٹم ہے۔ اس سے قبل آئی فون میں بھی A5 چپ کا استعمال کیا گیا تھا۔
اسی طرح آئی پیڈ میں کواڈ کور گرافکس سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ ایپل کے مطابق انکا نیا آئی پیڈ مارکیٹ میں موجود نئی ٹیبلیٹس سے چار گنا زیادہ تیز رفتار  ہے۔

 انٹرنیٹ اور  کنیکٹیویٹی:
ایپل کا نیا آئی پیڈ  تھری جی ، ایل ٹی ای ، ایچ ایس پی ڈی اے  اور ای وی ڈی او ٹیکنالوجی سے مزین ہے ۔ جسکی بدولت اسے کم و بیش دنیا کی ہر ملک میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔  ایپل کی جانب سے آئی پیڈ کا وائی فائی اور فور جی ماڈل بھی متعارف کروایا جائے گا۔ نیا آئی پیڈ بلیوٹوتھ 4.0 سے مزین ہے۔ ان جدید ٹیکنالوجیز کی بدولت آپ کو آئی پیڈ پر تیز رفتار انٹرنیٹ مہیا کیا جاسکے گا۔

بیٹری:
آئی پیڈ کی نئی ریٹینا سکرین اور فور جی ایل ٹی ای ٹیکنالوجی کی بدولت زیادہ پاور کی ضرورت ہوگی۔ لہذا آئی پیڈ 2 کی نسبت نئے آئی پیڈ میں 25 کی بجائے 45 واٹ آور کی بیٹری کا استعمال کیا گیا ہے جسکی مدد سے آپ آئی پیڈ پر 10 گھنٹے سے زیادہ کام یا ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں۔

کمپنی کے اعلان کے مطابق نیا آئی پیڈ امریکہ، کینڈا ، برطانیہ ،فرانس ، جرمنی ، سوئزرلینڈ ،جاپان ،ہانگ کانگ ، سنگاپور اور آسٹریلیا  میں 16 مارچ سے دستیاب ہوگا ، 16GB وائی ماڈل کی قیمت 499 ڈالر مقرر کی گئ ہے جبکہ 64GB فور جی ماڈل 829 ڈالر میں دستیاب ہوگا۔
دنیا کے باقی ممالک میں نئے آئی پیڈ کے لیے 23 مارچ کے بعد آرڈر دیے جاسکیں گے۔

اپنی ان نئی خصوصیات کی بناء پر نیا آئی پیڈ پہلے سے زیادہ موٹا اور زیادہ بھاری ہے۔ لیکن امید ہے کہ نیا آئی پیڈ ایپل کے مداحوں کے دل جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔