سام سنگ نے گلیکسی کیمرہ بھی متعارف کروا دیا

برلن میں منعقد ہونے والی IFA 2012 نمائش کے موقع پر اس بار سام سنگ  کی جانب سے ڈھیروں ڈھیر نئی مصنوعات متعارف کروائی گئی ہیں جن میں گلیکسی کیمرہ بھی شامل ہے۔آپ شاید سوچ رہے ہوں کہ جناب اس کیمرے میں ایسی کیا خاص بات ہے؟ لگتا ہے آپ سام سنگ کی گلیکسی سیریز سے واقف نہیں ہیں؟ جی جناب وہی سام سنگ گلیکسی موبائل فونز اور ٹیبلیٹس والی سیریز۔

16 میگا پکزل کیمرہ 21x آپٹیکل زوم کا حامل ہے . کیمرہ میں زینون فلیش لائیٹ نصب کی گئی ہے جو بوقت ضرورت کھلتی ہے، کیمرہ 1080p فل ہائی ڈیفینیشن ویڈیوز بھی بنا سکتا ہے اورمزے کی بات یہ ہے کہ آپ دوران ویڈیو ، تصاویر بھی اتار سکتے ہیں۔ اس کیمرہ میں 1.4 گیگا ہرٹز کواڈ کور پراسیسر نصب ہے جبکہ اسکی میموری 8GB ہے جسے آپ میموری کارڈ کی مدد سے بڑھا بھی سکتے ہیں۔

کیمرے میں گوگل اینڈرائیڈ کا نیا ورژن جیلی بین استعمال کیاگیا ہے جس میں سام سنگ ٹچ وز اور ایس وائس اسسٹنٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ آپ گوگل پلے سٹور کے ذریعے مختلف ایپلی کیشنز بھی ڈاونلوڈ کرسکتے ہیں۔ اس کیمرے میں سکائپ کے ذریعے کالز بھی کی جاسکتی ہیں لیکن ویڈیو کالنگ کی سہولت دستیاب نہیں۔ تصاویر کے حوالے سے مشہور زمانہ ایپلی کیشن انسٹاگرام اور دیگر گوگل ایپلی کیشنز جیسے نقشتہ جات، یوٹیوب ، جی میل اور کروم براؤزر وغیرہ کو پہلے ہی کیمرے کے سافٹوئیر میں شامل کیا گیا جبکہ آپ پلے سٹور سے نئی ایپلی کیشنز بھی ڈاونلوڈ کرسکیں گے۔

کیمرہ میں سم کی آپشن بھی موجود ہے لیکن آپ اسکی مدد سے صرف انٹرنیٹ چلا سکتے ہیں۔ اسکے علاوہ وائی فائی اور فور جی رابطے کی سہولت بھی موجود ہے۔ کیمرے میں 1650mAh بیٹری نصب ہے جس کی بدولت کیمرے کو کم و بیش 6 گھنٹے مسلسل استعمال کیا جاسکتا ہے۔

یہ کیمرہ اس سال اکتوبر میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا، کیمرہ کالے اور سفید دو رنگوں میں دستیاب ہے۔ فی الحال پاکستان میں اسکی دستیابی اور قیمت کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ ہم یقیناً اس حوالے سے آپ کو بذریعہ ویب سائیٹ اور آئی ٹی نامہ کے فیس بک پیج پر آگاہ رکھیں گے۔


بشکریہ