اگر فیس بک آپ کو مردہ تصور کرلے تو کیا کیا جائے؟

فیس بک کی جانب سے چند سال قبل فوت شدہ صارفین کے حوالے سے ایک نیا فیچر متعارف کروایا گیا تھا ۔ جس میں رپورٹ کرنے پر فوت ہوجانے والے فیس بک صارفین کے اکاؤنٹ کو Memorialized حالت میں تبدیل کر دیا جاتا ہے۔ اس طرح مر جانے والے فرد کا اکاؤنٹ کوئی اور استعمال بھی نہیں کر سکتا اور اسکے دوست احباب اسکی پروفائل کو دیکھ اور اس پر تعزیتی پیغام وغیرہ بھی چھوڑ سکتے ہیں۔

گو کہ یہ ایک بہت اچھا فیچر ہے، اسطرح آپ اپنے بچھڑ جانے والے دوستوں کو یاد رکھ سکتے ہیں ، انکی جانب سے شئیر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز دیکھ کر پرانی یادیں تازہ کرسکتے ہیں۔ لیکن جناب مسئلہ تب پیدا ہوا جب بہت سے لوگوں نے مذاق کے طور پر فیس بک انتظامیہ کو رپورٹ کیا کہ ان کا دوست مر چکا ہے لہذا اس کا اکاؤنٹ اب بند کر دیا جائے۔ اب جب اکاؤنٹ کے مالک نے لاگ ان ہونے کی کوشش کی تو اسے بتایا گیا کہ جناب آپ مر چکے ہیں لہذا آپ اپنا اکاؤنٹ نہیں دیکھ سکتے۔

یہ تو بڑی مشکل ہوگئی جناب، فیس بک کی جانب سےصارفین کی رہنمائی کے لیے ہیلپ سنٹرتو ترتیب دیا گیا ہے لیکن عام طور پر صارفین کو اسے استعمال کرنے میں کافی دشواری پیش آتی ہے اور انہیں مطلوبہ معلومات نہیں مل پاتیں۔ اس کے علاوہ فیس بک صارفین کے پاس انتظامیہ سے رابطہ کرنے کا کوئی اور ذریعہ بھی موجود نہیں۔

لیجئے جناب آپکی مشکل آسان کیے دیتے ہیں، اگر کبھی آپ کے ساتھ ایسی صورت حال پیش آئے تو آپ اس لنک کو وزٹ کیجئے اور مطلوبہ معلومات فراہم کر کے اپنے اکاؤنٹ کو بحال کروا لیں۔

ویسے امید تو ہے کہ شاید آپ کو کبھی ایسی صورت حال کا سامنا نہ بھی ہو لیکن ہوسکتا ہے کہ کوئی دوست آپ کے ساتھ ایسا مذاق کرہی دے۔اب جو دوست یہ تحریر پڑھ کر ایسا مذاق کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں انہیں مطلع کرتا چلوں کہ فیس بک کی پالیسی کے تحت اگر آپ غلط بیانی کرتے ہیں اور بعد میں آپ کا جرم ثابت بھی ہوجاتا ہے تو آپکو اسکی کڑی سزا دی جائے گی اور ہوسکتا ہے کہ آپکا اکاونٹ ڈیلیٹ کر دیا جائے، لہذا ایسا سوچئے گا بھی مت۔

بشکریہ