فیس بک کی جانب سے جلد اپنا ایپلی کیشن سنٹر متعارف کروایا جائے گا

فیس بک انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کمپنی جلد ہی اپنا ایپلی کیشن سنٹر متعارف کروا رہی ہے جس کے ذریعے صارفین کو نہ صرف ویب ایپلی کیشنز بلکہ موبائل فون جیسے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے لیے بھی ایپلی کیشنز فراہم کی جائیں گی۔

فیس بک کی جانب سے ڈیویلپرز بلاگ پر شائع کی جانے والی ایک تحریر کے مطابق فیس بک صارفین اس ایپلی کیشن سنٹر پر کسی بھی ایپلی کیشن کو ڈاونلوڈ کرنے سے قبل اسکے متعلق تمام معلومات اور دیگر صارفین کی رائے جان سکیں گے۔ فیس بک کا یہ ایپلی کیشن سٹور گوگل پلے یا ایپل سٹور کا مدمقابل ہرگز نہیں کیونکہ اگر ایک صارف اینڈرائیڈ ایپلی کیشن منتخب کرتا ہے تو فیس بک اسے ڈاونلوڈ کے لیے گوگل پلے پر بھیج دے گا۔

اس ایپلی کیشن سنٹر میں صرف انہی ایپلی کیشنز کو جگہ دی جائے گی جن کے بارے میں صارفین اچھی رائے کا اظہار کریں گے، وہ تمام ایپلی کیشنز جن کے بارے میں صارفین منفی رائے دیں انہیں ایپلی کیشن سنٹر سے نکال دیا جائے گا۔

فی الحال یہ ایپلی کیشن سٹور صارفین کے لیے نہیں کھولا گیا، فیس بک کی جانب سے ڈیویلپرز کو دعوت دی گئ ہے کہ وہ اپنی ایپلی کیشنز فیس بک کو ارسال کریں اور اس سے متعلق ایک صفحہ بھی ترتیب دیں جہاں صارفین ایپلی کیشن سے متعلق تمام تفصیلات حاصل کرسکیں۔انتظامیہ کے مطابق 18 مئی 2012 سے قبل بھیجی گئی ایپلی کیشنز کو ترجیح دی جائے گی۔

فیس بک کے اس ایپلی کیشن سنٹر کی بدولت جہاں ڈیویلپرز کا بھلا ہوگا اور انکی ایپلی کیشنز کو کم و بیش 900 ملین صارفین تک رسائی حاصل ہوگی وہیں فیس بک کی آمدنی کا ایک اور ذریعہ بن جائے گا۔ فیس بک آپ کی ڈاونلوڈ کی گئ تمام ایپلی کیشنز پر نظر رکھے گا اور پھر آپ کو اس کی مناسبت سے ہی اشتہارات دکھائے جائیں گے۔