اینگری برڈز اب آرہے ہیں ٹیلی ویژن پر

اگر آپ گیمز کھیلنے کے شوقین ہیں تو یقیناً آپ نے اینگری برڈز کا نام تو سنا ہوگا۔ یہ ایک قسم کی پزل گیم ہے جس میں آپ پرندوں کو ایک غلیل کے ذریعے  انکے دشمن سوروں پر نشانہ بازی کرتے ہیں۔ کمپنی کی جانب سے اینگری برڈز کی مختلف گیمز جاری کی گئ ہیں۔

اینگری برڈز گیم پہلے ایپل آئی او ایس کے لیے متعارف کروائی گئی تھی لیکن اب یہ گیم ونڈوز ، میکنٹوش ، اینڈرائیڈ ، ونڈوز فون ، بلیک بیری، پلے سٹیشن اور دیگر بہت سے آپریٹنگ سسٹم کے لیے دستیاب ہے۔ اینگری برڈز گیم کم و بیش 700 ملین بار ڈاونلوڈ کی گئی ہے اور کم وبیش 30 ملین لوگ روزانہ اسے 300 ملین منٹ کے لیے کھیلتے ہیں۔ اینگری برڈز  کی مقبولیت کا اندازہ کچھ یوں لگایا جا سکتا ہے کہ  تازہ ترین گیم ‘اینگری برڈز سپیس‘ پہلے ہی ہفتے میں ریکارڈ 20 ملین دفعہ ڈاونلوڈ کی گئی۔

گیم بنانے والی کمپنی Rovio کی جانب سے حال ہی میں اعلان کیا گیا ہے کہ اب وہ گیمز کے علاوہ اینگری برڈز ٹیلی ویژن کارٹون بھی بنائیں گے۔ کمپنی کے نمائندہ کے مطابق  شروع میں 2 سے 3 منٹ کی  52 قسطیں تیار کی جائیں گی جو کہ آئیندہ آنے والے چند ماہ میں ٹیلی ویژن پر نشر کی جائیں گی۔ ان کارٹونز میں اینگری برڈز کے بارے میں مزید بہت کچھ جاننے کو ملے گا۔

اطلاعات کے مطابق اینگری برڈز فلم بھی تکمیل کے مراحل میں ہے جو 2014 تک سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ کمپنی چاہتی ہے کہ وہ ڈزنی کی طرح گیمز کے علاوہ دیگر انٹرٹینمنٹ بھی فراہم کریں۔اس مقصد کے لیے یورپ کے مختلف ممالک میں تھیم پارکس بھی بنائے جا رہے ہیں۔

بشکریہ