پی ٹی سی ایل کی جانب سے تھری جی اینڈرائیڈ فون متعارف

آپ کو یاد ہوگا کہ پچھلے سال اگست میں پی ٹی سی ایل کی جانب سے انڈونیشین کمپنی IVIO کی تیار کردہ ٹیبلیٹ متعارف کروائی گئی تھی۔ جسکی تشہیر میں پی ٹی سی ایل نے کوئی کسر نہ چھوڑی لیکن چونکہ اس کی قیمت اس کے فیچرز کے مطابق نہ تھی نیز اکثر صارفین نے یہ شکایت کی ٹیبلیٹ میں پراسیسر اور ریم بہت کم ہے جسکی بدولت یہ بہت سست ہے۔ لہذا یہ ٹیبلیٹ صارفین میں زیادہ مقبولیت حاصل نہ کرسکی۔

پی ٹی سی ایل کی جانب سے آج IVIO کمپنی کے موبائل Icon Pro کو پاکستان میں متعارف کروایا گیا ہے۔ یہ فون پی ٹی سی ایل کی جانب سے پیکج آفر میں فراہم کیا جارہاہے پیکجز کی تفصیل کچھ یوں ہے:

  • ایوو ونڈ: اس پیکج میں یہ فون 17999 روپے میں دستیاب ہے ۔ فون کے علاوہ صارف کو 15GB انٹرنیٹ بھی فراہم کیا جائے گا جسکی معیاد 6 ماہ ہوگی۔
  • ایوو ونگز: اس پیکج کی قیمت 16999 روپے ہے، جس میں صارفین کو فون کے ساتھ 5GB انٹرنیٹ فراہم کیا جائے گا جسکی معیاد 3 ماہ ہوگی۔


فون کی خصوصیات:
یہ فون گوگل کے آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ 2.2 سے مزین ہے جو کہ اب کافی پرانا ہوچکا ہے۔ اس فون کو اپڈیٹ کیا جاسکتاہے یا نہیں اس بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے۔ فون کی سکرین 3.5 انچ اور ریزولیوشن 320×480 ہے جو کافی مناسب ہے۔

فون میں  600MHz کا پراسیسر اور 256MB ریم نصب ہے۔ جو یقیناً ناکافی ہے۔ فون استعمال کرنے والے صارفین یقیناً اسکی سست رفتار پر نالاں نظر آئیں گے۔

فون میں دو کیمرے نصب ہے۔ پچھلی جانب نصب کیمرہ 5 میگا پکزل جبکہ اگلی جانب نصب کیمرہ 0.3 میگا پکزل ہے جسے ویڈیو کالنگ کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

فون کی میموری 512MB ہے جو مناسب ہے ، اسکے علاوہ فون کے ساتھ 4GB کا میموری کارڈمفت فراہم کیا جائے گا۔ فون میں وائی فائی ، بلیو ٹوتھ ، اور جی پی ایس جیسی سہولیات بھی میسر ہیں۔اس فون میں کسی بھی نیٹورک کی سم استعمال کی جاسکتی ہے۔فون کی وارنٹی ایک سال ہے۔

امید ہے کہ پی ٹی سی ایل کی جانب سے اس فون کی تشہیر پر بھی لاکھوں روپے خرچ کیے جائیں گے۔ لیکن شاید یہ فون بھی ٹیبلیٹ کی طرح صارفین کی توجہ حاصل نہ کرپائے۔ مارکیٹ میں جہاں بڑی کمپنیوں کے موبائل ارزاں داموں مل رہے ہوں تو صارفین کو کیا پڑی ہے کہ وہ پی ٹی سی ایل سے انڈونیشیا کا بنا ہوا غیر معروف اور سست رفتار موبائل فون اتنے مہنگے داموں خریدیں؟