موبائل سم کی ایکٹیویشن اور تصدیق کے لیے نیا فریم ورک منظور

پی ٹی اے کی جانب سے حال ہی میں نئی موبائل سمز کی تصدیق اور ایکٹویشن کے حوالے سے نئے فریم ورک کی منظوری دی گئی ہے۔

اس مقصد کے لیے چند روز قبل پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں پی ٹی اے اور ملک بھر کی تمام ٹیلی کام کمپنیوں کے سربراہان اور نمائیندوں نے شرکت کی۔

اس نئے نظام کے تحت اب نئی سم خریدتے وقت کسی بھی قسم کی کاغذی کاروائی کی ضرورت نہیں رہے گی۔ نئی سم خریدنے کے لیے صارف اپنا اصلی قومی شناختی کارڈ دکھا کر کسی بھی رجسٹرڈ سیلز پوائنٹ ، جیسے فرنچائز یا سروس سنٹر سے نئی سم خرید سکتا ہے۔ کمپنی کا نمائیندہ کمپیوٹر میں صارف کے شناختی کارڈ نمبر اور سم نمبر کا اندراج کردے گا ۔ اسکے بعد صارف 789 پر کال کرکے اپنی سم کو ایکٹیویٹ کروا سکتا ہے۔

اس نئے نظام کے تحت سم خریدتے وقت کسی بھی قسم کا فارم پر کرنے اور شناختی کارڈ کی کاپی مہیا کرنے کی ضرورت نہیں ۔ اس نظام کی بدولت جہاں غیر قانونی سموں کی فروخت میں کمی آئے گی وہیں شناختی کارڈ کاپی کا غلط استعمال روکنے میں بھی مدد ملے گی۔

امید کی جارہی ہے کہ یہ نیا نظام آئیندہ ایک یا دو ماہ تک متعارف کروا دیا جائے گا۔