جولائی کے بعد کوئی سم بائیومیٹرک تصدیق کے بغیر جاری نہیں کی جائے گی، نادرا اور موبائل کمپنیوں کے درمیان معاہدہ

نئی موبائل فون سموں کے اجراء کے حوالے سے ٹیلی کام کمپنیوں اور نادرا کے درمیان ایک معاہدہ طے پاگیا ہے۔ معاہدے کی رو سے اس سال اگست کے مہینے سے پورے ملک میں نیا نظام لاگو کر دیا جائے گا اور بائیومیٹرک (انگلیوں کے نشانات) کی تصدیق کے بغیر نئی سم جاری نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر نادرا اور موبائل کمپنیوں کے سربراہان کے ساتھ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان بھی موجود تھے۔

sim

اس نئے نظام کے تحت صارفین کو نئی سم جاری کرنے کے لیے انگلیوں کے نشانات لیے جائیں گے اور انہیں نادرا کے ڈیٹا بیس میں موجود نشانات سے ملایا جائے گا۔ اس طرح  نقلی شناختی کارڈ یا کسی کے شناختی کارڈ پر سم نکلوانا ناممکن ہوجائے گا۔ نیا نظام لاگو ہونے کے789 کا سسٹم بند کردیا جائے گا اور صارف کی سم فوری طور پر ایکٹیو کر دی جائے گی۔

اس مقصد کےلیے ٹیلی کام کمپنیاں پہلے سے ہی اپنی فرنچائز اور سروس سنٹرز پر نیا سامان لگا رہی ہیں، فی صارف انگلیوں کے نشانات کی تصدیق کے لیے نادرا ان سے دس روپے چارج کرے گی اور 15 سیکنڈ کے اندر سسٹم نشانات کی تصدیق کردے گا۔

وزیر داخلہ نے نادرا اور ٹیلی کام کمپنیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ پہلے سے جاری شدہ سموں کی تصدیق کے کام کو بھی جلد از جلد مکمل کریں تاکہ ملک میں بڑھتی ہوئے دہشت گردی کی کاروائیوں کا سراغ لگانے میں مدد ملے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کام بھی آسانی ہوگی۔