دنیا کا سب سے سستا ٹیبلٹ کمپیوٹر صرف 35 ڈالر میں

ذراع کے مطابق دنیا کا سب سے کم قیمت ٹیبلٹ کمپیوٹربدھ 5 اکتوبر کو بھارت میں پیش کیا جائے گا۔اس ٹیبلٹ کی قیمت 35 ڈالر رکھی گئی ہے۔ جو ہندوستانی کرنسی میں 1500 روپے اور پاکستانی کرنسی میں 3000 روپے بنتے ہیں۔

اس ٹیبلٹ کو خاص طور پر طالب علموں کے لئےبنایا گیا ہے جسکی بدولت اب وہ باآسانی انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کر نے کے ساتھ ساتھ پڑھائی سے متعلق دیگر امور میں بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔۔

ٹچ سکرین کی حامل اس ٹیبلٹ میں انٹرنیٹ براوزر ، پی ڈی ایف ریڈر ، ویڈیو کانفرسنگ سافٹوئیر ، اوپن آفس ، میڈیا پلئیر ، اور دیگر بہت سے فیچرز بھی شامل کئے گئے ہیں۔ ابتدائی پروٹوٹائپ ورژن میں گوگل کے آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ کو استعمال کیا گیا تھا ، لیکن 5 اکتوبر کو پیش کئے جانے والی ٹیبلٹ میں کونسا آپریٹنگ سسٹم ہوگا اس کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

اس کی سکرین اندازاً 5 سے 9 انچ تک لمبی ہوگی اور اس میں 2GB میموری نصب کی گئی ہے، اسکے علاوہ وائی فائی ، میموری کارڈ ، ویڈیو آوٹ اور یوایس بی جیسی سہولیات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔مزید برآں اس میں موبائل کی سم بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔

اس ٹیبلٹ کے فیچرز کو دیکھتے ہوئے تو اس کی قیمت واقعی بہت کم ہے، لیکن فی الحال کوالٹی کے بارے میں کچھ کہنا بہت مشکل ہے، کیونکہ اتنی کم قیمت میں تو چین جیسا ملک بھی ٹیبلٹ کمپیوٹر نہیں بنا کر دیتا کیونکہ اس میں استعمال ہونے والے سامان کی قیمت بھی 35 ڈالر سے زیادہ ہے۔ لیکن ہوسکتا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے اس ٹیبلٹ کی تیاری میں تعاون کیا گیا ہو اور خاص کر طالب علموں کے لئے سبسڈی دی گئی ہو۔ جو بھی ہےتعلیم کے فروغ کے لئے یہ ایک انتہائی اچھا قدم ہے۔