آپ کی کہانی : اب فیس بک کی زبانی


گذشتہ روز منعقد ہونے والی فیس بک ایف 8 کانفرنس میں سماجی رابطہ کی مشہور زمانہ ویب سائیٹ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کی جانب سے موجودہ ویب سائیٹ میں کئی نئے فیچرز اور بہت سے تبدیلیوں کا اعلان کیا گیا۔جن میں سے ٹائم لائن اور میوزک سروس نمایاں ہیں۔

ٹائم لائن فیس بک کا ایک نیا فیچر ہے جو دراصل آپکی پروفائل ہے۔ لیکن بجائے اسکے کہ اس میں آپکی تازہ ترین سرگرمیاں یا پوسٹ دکھائی جائیں اب اس صفحہ پر آپکی کہانی بیان کی جائے گی ، جس میں وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوتا جائے گا۔آپ اس ٹائم لائن کو باآسانی کنڑول کر سکتے ہیں اور اس میں اپنی پسند کی پوسٹس ، تصاویر یا ویڈیوز شامل کر سکتے ہیں۔اس ٹائم لائن کی بدولت اب دیگر افراد فیس بک پر آپ تمام سرگرمیوں کو باآسانی دیکھ سکیں گے۔مثلاً اگر وہ ستمبر 2011 کا عرصہ منتخب کریں تو اس میں صرف اسی ماہ کی تمام پوسٹس ، تصاویر اور تبصرے وغیرہ انتہائی دلکش انداز میں دیکھے جا سکیں گے۔

ایک لحاظ سے تو یہ ایک پرکشش فیچر ہے لیکن اسطرح آپکی ذاتی معلومات دوسروں تک باآسانی پہنچ جائیں گی یا دیگر الفاظ میں فیس بک پر آپکی تمام سرگرمیاں ایک کھلی کتاب کی مانند ہونگی۔

فیس بک میں شامل کیا گیا ایک نیا فیچر میوزک سروس ہے۔جو کہ پہلے سے موجود سروسز جیسے سپوٹی فائی، ساونڈ کلاؤڈ اوراسطرح کی دیگر کمپنیوں کے اشتراک سے پیش کیا گیا ہے۔اس فیچر کی بدولت اب صارفین جو میوزک وہ سن رہے ہیں اسے دوسروں کے ساتھ شئیر کر سکیں گے اور یہ بھی جان سکیں گے کہ ان کے دوست آجکل کونسے گانے سن رہے ہیں۔
میوزک کے ساتھ ساتھ فیس بک نے نیٹ فلکس اور ہولو کے اشتراک سے فلمیں اور ٹیلی ویژن پروگرام فیس بک پر دیکھنے کا نظام بھی متعارف کروایا ہے۔

سوشل ایپس کے ساتھ ساتھ فیس بک کے مشہور ’لائیک‘ بٹن کی طرز پر ڈیویلپرز کو کھلی اجازت دی گئی ہے کہ وہ کوئی بھی ورب اور ناؤن ملا کر ایک نیا بٹن بنا سکتے ہیں۔

ٹائم لائین کے علاوہ تمام فیچرز صارفین کے لئے مہیا کر دیے گئے ہیں ، جبکہ ٹائم لائین ابھی صرف ڈیویلپرز کے لئے شائع کی گئی ہے۔