پاکستان ریلویز جلد تمام ٹرینوں اور سٹیشنز پر مفت وائی فائی اور آن لائن ٹکٹ نظام متعارف کروائے گی

پاکستان ریلویز کی جانب سے آج اس بات کا ایک بار پھر سے اعلان کیا گیا ہے کہ جلد تمام مسافر ٹرینوں میں وائی فائی انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کردی جائے گی۔ اسکے علاوہ تمام ڈویژنل ریلوے اسٹیشنز پر بھی مفت وائی فائی دستیاب ہوگا۔

railway-wifi

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریلویز نے اس سے قبل بھی بارہا اس منصوبے کا اعلان کر رکھا ہے، تاہم اب اطلاعات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے نے ایک کمیٹی قائم کی ہے جو اگلے دو ماہ کے اندر اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔ اس سے پہلے وائی فائی کی سہولت بزنس کلاس اور گرین لائن ٹرینوں میں دستیاب ہے۔

آن لائن ٹکٹ سروس:

دور جدید کے تقاضوں کے مطابق اب ٹکٹوں کی آن لائن اور بذریعہ موبائل فون خرید کا نظام بھی جلد متعارف کروائے جانے کا امکان ہے۔ اس مقصد کے لیے ریلویز اور (UBL Bank) کے درمیان معاہدہ طے پاچکا ہے۔ جس کے ذریعے جلد صارفین ڈیبٹ کارڈ، کریڈٹ کارڈ یا پھر یو بی ایل اومنی موبائل بینکنگ اکاؤنٹ استعمال کرتے ہوئے ٹکٹیں آن لائن خرید سکیں گے۔

تاہم اس سے قبل بھی آن لائن ٹکٹنگ کا نظام متعارف کروایا گیا تھا جو بعض تکنیکی وجوہات کی بناء پر جلد بند کردیا گیا۔ اب دیکھنا یہ کہ کیا یہ نیا سسٹم کارگر ثابت ہوگا یا نہیں۔