انٹرنیٹ سیکیورٹی کی معلومات فراہم کرنے والا بلاگ DDoS کا شکار، گوگل مدد کو پہنچ گیا

انٹرنیٹ کی دنیا میں برائن کربز کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں،  امریکی  رپورٹر کربز 2001 سے سائبر جرائم میں ملوث افرا د اور کمپنیوں کو بے نقاب کرنے میں مصروف ہیں۔

کربز اپنے بلاگ KrebsOnSecurity.com پر روزانہ کی بنیا د پر کمپیوٹر سیکیورٹی اور سائبر جرائم کے حوالے سے خبریں اور مفید معلومات فراہم کرتے ہیں۔

تاہم پچھلے ایک ہفتے سے کربز کا بلاگ DDoS حملوں کا شکار تھا۔ مختلف سیکیورٹی کمپنیوں کی جانب سے اس حملے کو اب تک کا سب سے بڑا DDoS حملہ قرار دیاجارہاہے۔

ddos

DDoS آخر ہے کیا بلا؟

وہ دوست جو DDoS یا ڈسٹریبیوٹڈ ڈینائل آف سروس اٹیک کے بارے میں نہیں جانتے انہیں بتاتا چلوں کہ اس حملے میں دنیا بھر سے بہت سے  کمپیوٹرز کا استعمال کرتے ہوئے انہیں ایک ویب سرور پر مرکوز کردیا جاتا ہے۔ جسکی بدولت سرور اتنی زیادہ ٹریفک کو سنبھال نہیں پاتا اور نیتجہ کے طور پر وہ سرور تمام صارفین کے لیے وقتی طور پر ڈاؤن ہوجاتا ہے۔اس حملے کو روکنا اس لیے بھی محال ہوجاتا ہے کہ ہیکرز دنیا بھر سے مختلف آئی پی ایڈریس استعمال کرتے ہوئے ویب سائیٹ پر بے تحاشا ٹریفک بھیج رہے ہوتے ہیں اور اگر ایک آئی پی کو بلاک کربھی دیا جائے تو اسکی جگہ مزید آئی پیز حملے میں مصروف ہوجاتی ہیں۔ اس قسم کے حملے کے لیے اکثر ہیکرز مل کر منصوبہ بندی کرتے ہیں یا عام صارفین کے ہیک کیے گئے کمپیوٹر، موبائل فون اور دیگر گیجٹس بھی اسکے لیے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

خیر کربز کے بلاگ کو DDoS کا سامنا انکے ایک تازہ ترین انکشاف کے بعد کرنا پڑا جس میں انہوں نے DDoS کے لیے زیادہ طور پر استعمال کیے جانے والی بوٹر سروس vDOS کے خالق دو اسرائیلی  ہیکرز کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔ کربز کے مطابق یہ ہیکرز اس بوٹر سروس کے بدولت اب تک کم و بیش  6 لاکھ ڈالر کما چکے ہیں اور گذشتہ چند سال میں ہونے والے DDoS حملوں میں انکی بوٹر سروس ہی استعمال کی جارہی ہے۔

اکامی ٹیکنالوجیز نے ویب ہوسٹ کرنے معذرت کرلی

کربز کی ویب سائیٹ  امریکی کی بڑی کمپنی اکامی ٹیکنالوجیز کی جانب سے ہوسٹ کی جارہی تھی جس کی وجہ سے 620 گیگا بٹ فی سیکنڈ کے اس حملے کے نتیجے میں ویب سائیٹ ڈاؤن تو نہ ہوئی لیکن اکامی والوں کے سرورکریش ہونے لگے، اور کمپنی نے کربز سے مزید ہوسٹنگ کرنے کے لیے معذرت کرلی۔ حتی کہ DDoS سے حفاظت کا ذمہ لینے والی کمپنی Prolexic نے بھی کربز کو ہری جھنڈی دکھا دی۔

کربز نے وقتی طور پر اپنی ویب سائیٹ بند کردی ، تاہم اب گوگل نے اس ویب سائیٹ کو اپنے (پراجیکٹ شیلڈ ) پروگرام میں شامل کرلیا ہے اور اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ نہ تو انکی ویب سائیٹ ڈاؤن ہوگی اور نہ ہی وہ ہیکرز کے حملوں سے گھبرائیں گے۔تاوقتیکہ ہیکرز خود تھک ہار کر DDoS بند کردیں۔