مائیکروسافٹ نے نوکیا کا نیا فیچر فون متعارف کروا دیا

مائیکروسافٹ نے کچھ ماہ قبل یہ اعلان کیا تھا کہ وہ  نوکیا کا فیچر فون بزنس HMD Global اور Foxconn کو بیچ رہے ہیں۔ اسی بناء پر حال ہی میں یہ خبریں بھی  سامنے آئیں کہ اصل والی نوکیا  HMD Global کے بینر تلے ایک بار پھر سے اپنے فون مارکیٹ میں متعارف کروانے کو تیار ہے۔ لیکن آج مائیکروسافٹ نے نوکیا کا ایک فیچر فون Nokia 216 لانچ کرکے ساری دنیا کو ایک بار پھر سے مخمصے کا شکار کر دیا ہے۔

خیر اس بات سے قطع نظر کے یہ کم قیمت فون نوکیا بنائے یا مائیکروسافٹ، پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ترقی پذیر ممالک میں آج بھی انکی مانگ اپنے عروج پر ہے۔

microsoft-nokia-216

ایسے صارفین جو سمارٹ فونز خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے یا پھر انہیں سمارٹ فون استعمال کرنے میں دقت کا سامنا ہوتا ہے انکی کوشش یہی ہوتی ہے کہ (بٹنوں والا فون) یعنی فیچر فون استعمال کیا جائے۔کیوموبائل ، وائس اور اس طرح کے دیسی برانڈز کی نسبت صارفین کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ نوکیا کا فون استعمال کریں، کیونکہ پچھلے 20 برسوں میں نوکیا نےاپنے اچھے معیار کو ہمیشہ برقرار رکھا ہے۔

نوکیا 216 میں نئی چیز یہ ہے کہ اس میں سامنے کی جانب موجود کیمرے کے ساتھ بھی فلیش لائٹ لگائی گئی ہے،  جو کہ شاید کسی بھی فیچر فون میں پہلی بار نصب کی گئی ہے۔

فون کے فیچرز کچھ یوں ہیں:

  • 2.4 انچ QVGA سکرین
  • ڈول سم کارڈ کی سہولت
  • مائیکرویو ایس بی اور بلیوٹوتھ
  • 32 گیگا بائیٹ تک میموری کارڈ کی سہولت
  • سامنے اور پشت کی جانب VGA کیمرہ اور فلیش لائٹ
  • ایم پی تھری پلیئر اور ایف ایم ریڈیو
  • 1020 ملی ایمپیئر آور بیٹری

یہ فون نومبر کے مہینے میں پاکستان میں بھی دستیاب ہوگا اور اسکی قیمت کم و بیش 4 ہزار روپے کے لگ بھگ ہوگی.