زونگ نے ملتان اور فیصل آباد کے صارفین کے لیے جدید ہینڈ سیٹ زون قائم کر دیے

پاکستان کے تیزی سے بڑھتے ہوئےفور جی نیٹ ورک زونگ نے حال ہی میں معروف ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک ملر اینڈ فپس کے اشتراک سے ملتان اور فیصل آباد کے کسٹمر سروس سنٹرز میں جدید ترین ہینڈ سیٹ زون قائم کیے ہیں جن پر صارفین کی سہولت کیلئے سام سنگ، ہواوے، لینوو، ایچ ٹی سی اور اوپو سمیت دیگر کمپنیوں کے جدید ترین موبائل فونز ڈسپلے کیے گئے ہیں۔

zong-handset-zone

اب ان شہروں کے صارفین کسٹمر سروس سنٹرز پر جاکر اپنی پسند کا کوئی بھی موبائل فون نہ صرف ارزاں نرخوں پر خرید سکتے ہیں بلکہ خریدنے سے قبل اس کا تفصیلی معائنہ کر سکیں گے جس سے انہیں فیصلہ سازی میں مدد ملے گی۔ان سنٹروں پر دستیاب تمام موبائل فونز ملر اینڈ فپس کی وارنٹی کے ساتھ دستیاب ہوں گے۔

جلد یہ سہولت دوسرے شہروں میں بھی دستیاب ہوگی

اس سے قبل اسلام آباد اور راولپنڈی میں اپنی طرز کے ان منفرد کسٹمر سروس سنٹرز کے قیام کو بے حد سراہا گیا تھا۔ان کسٹمر سروس سنٹروں پراپنی پسند کا کوئی بھی موبائل فون خریدنے سے قبل صارفین کو اُس پرفور جی سروسز کی کارکردگی کا تفصیلی مشاہدہ کر نے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جسے صارفین کی جانب سے پذیرائی مل رہی ہے۔اسی پذیرائی کو دیکھتے ہوئے ملتان اور فیصل آباد کے صارفین کیلئے بھی یہ سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آنے و الے دنوں میں زونگ اس سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے مزید شہروں میں ایسے سنٹرز کھولنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملک بھر میں زونگ کی فور جی سروسز کے استعمال میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔یہی وجہ ہے کہ زونگ اپنے جدید ترین نیٹ ورک کو تیزی سے وسعت دے رہا ہے اور اس وقت 100 شہروں کے صارفین زونگ فور جی سروسز سے استفادہ کر رہے ہیں۔