کرکٹ میں اب نو بال کا فیصلہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کیا جائے گا

شائقین کرکٹ کو اس وقت بہت دکھ ہوتا ہے جب انکی ٹیم کے کھلاڑی کو غلط آؤٹ دے دیا جائے۔ ٹیکنالوجی کے میدان میں اس قدر ترقی ہونے کے باوجود بھی کرکٹ کے کھیل میں آج بھی اکثرگراؤنڈ میں موجود ایمپائرز کی فیصلوں کو ہی درست مانا جاتا ہے۔

no-ball-cricket

گو کہ تھرڈ ایمپائیر، جدید کیمروں، ہاک آئی اور ہاٹ سپاٹ جیسی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے درست فیصلہ تو دے سکتا ہے تاہم تھرڈ ایمپائیر کو فیصلہ کا حق تب ہی ملتا ہے جب گراؤنڈ میں موجود ایمپائر یا کھلاڑی اس سے مدد مانگیں۔

مگر اب کرکٹ کے یہ قوانین بھی تبدیل ہونے جارہے ہیں اور نو بالز کے لیے گراؤنڈ میں موجود ایمپائر کی بجائے ٹی وی سکرین کے پیچھے بیٹھا تھرڈ ایمپائر فیصلہ کیا کرے گا۔

اس نئی ٹیکنالوجی کی بدولت نو بال کے بارے میں کسی قسم کی ابہام باقی نہیں رہے گا اور کھلاڑی اور شائقین کرکٹ دونوں کھیل سے بھرپور طریقے سے محظوظ ہوسکیں گے۔

no-ball

پاکستان، انگلستان کے میچوں میں اس ٹیکنالوجی کو آزمایا جائے گا

یہ نئی ٹیکنالوجی پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان شروع ہونے والی پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں تجرباتی طور پر استعمال کی جائے گی۔

اس حوالے سے ایمپائرز اور کرکٹ افیشلز کو خصوصی تربیت دینے کا آغاز کردیا گیا ہے، اگر یہ نئی تکنیک کامیاب رہتی ہے تو پھر اسے مستقل طور کرکٹ قوانین کا حصہ بنادیا جائے گا۔