ٹیلی نار کو فور جی سپیکٹرم مل گیا، جلد ملک بھر میں فور جی سروسز متعارف کروائی جائیں گی

telenor-4g

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے آج اس بات کا اعلان کیا گیا ہے کہ ٹیلی نار پاکستان کو 850MHz سپیکٹرم میں 10MHz کا بلاک الاٹ کر دیا گیا ہے۔ جس کی بدولت اب ٹیلی نار پاکستان میں تیز رفتار فور جی سروسز لانچ کرنے کا اہل ہوچکا ہے۔

حکومت کی جانب سے جاری گئی پریس ریلیز کے مطابق، آئی ٹی اور ٹیلی کام کی منسٹر، انوشا رحمان اور پی ٹی اے کے چیرمین ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے ایک اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے ٹیلی نار کو الاٹمنٹ کا حق دار قرار دیا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کچھ عرصہ قبل حکومت پاکستان کی جانب سے 850MHz سپیکٹرم کے 10MHz بلاک کی نیلامی کا اعلان کیا گیا تھا۔ جس کے لیے بنیادی قیمت 395 ملین امریکی ڈالر مقرر کی گئی۔ تاہم اس نیلامی میں صرف ٹیلی نار نے ہی دلچسپی لی اور قوائد کے مطابق اسے قیمت ادا کرنے کے 30 دن کے اندر لائسنس مل جائے گا۔

PTA_4G

850MHz سپیکٹرم کا لائسنس ملنے پر ٹیلی نار اب کسی بھی وقت ملک میں اپنی فور جی سروسز کا آغاز کرسکتا ہے۔ کمپنی ذراع کے مطابق فور جی کی ٹیسٹنگ کا مرحلہ تکمیل کو پہنچ چکا ہے اور جلد اسے صارفین کے لیے مہیا کردیا جائے گا۔

صارفین اس بات کا خیال رکھیں کہ اکثر کم قیمت چینی سمارٹ فونز میں 850MHz پر فور جی سہولت میسر نہیں، تاہم تمام بڑے برانڈز اس فریکیونسی پر فور جی ایل ٹی ای مہیا کرتے ہیں۔ اسی طرح اس فریکیونسی پر شہروں کی نسبت دیہات میں سروسز زیادہ بہتر ہونگی، کیونکہ وہاں سگنلز میں خلل آنے کا امکان کم ہے۔

اس وقت پاکستان میں ٹیلی نار کے 38 ملین صارفین ہیں، جن میں سے کم و بیش 8 ملین صارفین تھری جی سروسز استعمال کررہے ہیں۔ فور جی لائسنس ملنے سے ان صارفین کی تعداد میں بڑا اضافہ ممکن ہے۔