عرفان وہاب خان ٹیلی نار کے پہلے پاکستانی چیف ایگزیکٹیو آفیسر نامزد

ٹیلی نار گروپ کی جانب سے آج شام اس بات کا اعلان کیا گیا ہے کہ پاکستان کے لیے، عرفان وہاب خان کو کمپنی کا نیا چیف ایگزیکٹیو آفیسر نامزد کیا گیا ہے۔ کمپنی نے چند روز قبل ہی پاکستان میں فور جی سروسز کا لائسنس بھی حاصل کیا ہے۔

telenor-irfan-wahab-khan
عرفان، یہ اعزاز رکھتے ہیں کہ وہ ٹیلی نار پاکستان کے سب سے پہلے ملازم ہیں اور گذشتہ بارہ برس سے اس کمپنی سے منسلک ہیں۔ انہوں نے اپنے کام کا آغاز 2004 میں کارپوریٹ آفیئرز کے سربراہ کی حیثیت سے کیا اور ترقی کی منازل طے کرتے ڈپٹی چیف ایگزیکٹیو و چیف مارکیٹنگ آفیسر کے عہدہ پر پہنچے۔

اس سے قبل مائیکل فولے ٹیلی نار پاکستان کی سربراہی کررہے تھے، جو اب بلغاریہ میں ٹرانسفر کیے گئے ہیں۔ یہ بات انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ پہلی بار ٹیلی نار پاکستان کا سربراہ کسی پاکستانی کو منتخب کیا گیا ہے۔

عرفان وہاب خان کا کہنا ہے کہ وہ کمپنی کے اس فیصلہ پر بہت خوش ہیں اور یہ انکے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ کمپنی بہت جلد ہی فور جی سروس لانچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق عرفان وہاب اور مائیکل فولے دونوں گروپ ایگزیکٹیو مینجمنٹ ٹیم کا حصہ ہونگے اور ان کی تقرری یکم اگست کو عمل میں آئے گی۔

ٹیلی نار گروپ کے صدر سیگوبریک بھی آج کل پاکستان کے دورے پر ہیں اور حال ہی میں انہوں نے صدر پاکستان سے ملاقات بھی کی۔