کلاؤڈ فلیئر نے ویب سائیٹس کو ہیکرز حملوں سے بچانے کے لیے پراجیکٹ گلیلیو کا آغاز کردیا

آپ میں سے اکثر دوست جو اپنا بلاگ یا ویب سائیٹ رکھتے ہیں وہ CloudFlare کے بارے میں تو ضرور جانتے ہونگے۔ CloudFlare دراصل ایک کانٹینٹ ڈیلوری نیٹورک ہے جو نہ صرف آپکی ویب سائیٹ کے ڈیٹا کو دنیا بھر میں پھیلے اپنے سرورز کے جال کے ذریعے صارفین تک پہنچاتا ہے بلکہ DDoS یا دیگر ہیکرز حملوں سے کافی حد تک اسے محفوظ رکھتا ہے۔

چونکہ صارفین کو آپکی ویب سائیٹ کا ڈیٹا کلاؤڈ فلیئر کے ذریعے پہنچایا جاتا ہے اس لیے نہ صرف آپکی ویب سائیٹ کی رفتار تیز ہوجاتی ہے بلکہ اگر آپکا سرور کسی خرابی کا شکار بھی ہوجائے تو اتنی کلاؤڈ فلیئر کے پاس محفوظ ڈیٹا صارفین کو دکھایا جاتا رہے گا۔

c-loudflare

کلاؤڈ فلیئر استعمال کرنے کی ایک بڑی وجہ ہیکرز کے حملوں سے بچاؤ بھی ہے۔ ہیکرز کی جانب سے کیے جانے والے DDoS حملے اور دیگر ایسے پروگرام جو آپ کے ویب سرور کو ناکارہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں، کلاؤڈ فلیئرآپ کو ان سے بچانے کی کوشش کرتا ہے۔ تاہم آج سے قبل یہ حفاظت کافی محدود قسم کی تھی۔ یعنی اگر آپکی ویب سائیٹ پر کوئی بڑا حملہ ہوجائے تو کلاؤڈ فلیئر سروس بھی اسے نہیں روک پاتی تھی اور آپ سے معذرت کرلی جاتی۔

گذشتہ روز کلاؤڈ فلیئر کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر میتھیو پرنس نے Project Galileo کا اعلان کیا ہے۔ اس پراجیکٹ کے تحت اب کمپنی کلاؤڈ فلیئر سروس استعمال کرنے والی ویب سائیٹس کی ایک لسٹ تیار کرے گی اور اس میں سے وہ ویب سائیٹس جو اکثر و بیشتر ہیکرز کے حملوں کا نشانہ بنتی ہیں انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ہیکرز کا حملہ جتنا بھی شدید ہوکمپنی کوشش کرے گی کہ اسکا دفاع کرسکے۔

اس مقصد کےلیے کلاؤڈ فلیئر نے انسانی حقوق اور آزادی رائے کاتحفظ کرنے والی 17 مختلف تنظیموں سے معاہدہ کیا ہے جو اسے فنڈز مہیا کریں گی۔ جن کو استعمال کرتے ہوئے کمپنی بلاگرز، صحافیوں، آرٹسٹ اور آزادی رائے کا پرچار کرنے والے افراد اور اداروں کی ویب سائیٹس نہ صرف ہیکرز بلکہ حکومتی اداروں کی چھیڑ چھاڑ سے بھی محفوظ رکھے گی۔

میتھیو نے وضاحت کی کہ ویب سائیٹ پر کسی بھی قسم کا مواد ہو، ہمارا کام اسکی حفاظت کرنا۔ کسی فرد یا حکومت کو اختیار نہیں کہ وہ انٹرنیٹ پرآزادی رائے پر کسی قسم کی قدغن لگا سکے۔

اگر آپ اپنی ویب سائیٹ پر کلاؤڈ فلیئر استعمال کرنا چاہتے ہیں تو اسکا طریقہ بہت آسان ہے۔ سب سے پہلا آپکے پاس اپنا ڈومین نیم جیسے ITNama.com ہونا چاہیے۔ اسکے بعد آپ کلاؤڈ فلیئر پر اپنا اکاؤنٹ بنائیں اور وہاں اپنی ڈومین کو شامل کریں۔ اسکے بعد اپنی ڈومین کے نیم سرور کو کلاؤڈ فلیئر سرورز سے تبدیل کرلیں۔

اگر آپ کو ایسا کرنے میں کچھ مشکل درپیش ہے تو نیچے دیے گئے تبصرہ فارم کے ذریعے رہنمائی حاصل کیجئے۔